Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شادی سے قبل مسکراہٹ دلکش بنانے کے لیے سرجری کرانے والے شخص کی موت

سرجری کے باعث مرنے والے لکشمی نارئنا کی اگلے مہینے شادی کی ہونا تھی۔ (فوٹو:سکرین گریب)
انڈیا کے شہر حیدرآباد میں ایک شخص کی ’سمائل انہانسمنٹ‘ یعنی مسکرہٹ کودلکش بنانے کے لیے سرجری کے دوران موت ہو گئی۔
انڈین ٹی وی چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ جمعے کو 28 سالہ لکشمی نارائنا وِنجن کی حیدرآباد کے ’فیس میک اوور اینڈ سمائل کلینک ’ایف ایچ ایس‘انٹرنیشنل ڈینٹل کلینک میں سرجری کے دوران موت ہوئی۔
لکشمی نارائنا ونجن کے والد نے مبینہ طور پر کہا ہے کہ ان کے بیٹے کی موت بے ہوشی کی دوا کی زیادتی کی وجہ سے ہوئی ہے۔ 
سرجری کے دوران مرنے والے شخص کے والد رمولو وِنجن نے بتایا کہ ’جب کلینک کے عملے نے مجھے اطلاع دی تو میرا بیٹا سرجری کے دوران بے ہوش تھا۔‘
’ہم بیٹے کو فوراً قریبی ہسپتال لے کر گئے جہاں ڈاکٹروں نے بتایا کہ ان کی موت ہو گئی ہے۔‘
رمولو ونجن نے کہا کہ ’میرے بیٹھے نے ہمیں سرجری کے بارے میں کچھ نہیں بتایا تھا اور نہ ہی ہمارے بیٹے کو کوئی بیماری تھی۔ میرے بیٹے کی موت کے ذمہ دار ڈاکٹر ہیں۔‘
پولیس ایس ایچ او کے ونکاتیشورریڈی نے این ڈی ٹی وی کو بتایا کہ 16 فروری کو لکشمی نارائنا دن 2 بج کر 30 منٹ پر ہسپتال آئے تھے۔
’پھر ساڑھے چار بجے کے قریب آپریشن تھیڑ میں سرجری کا عمل شروع کیا گیا جو قریباً دو گھنٹے پر مشتمل تھا۔‘
ایس ایچ او نے بتایا کہ ’شام سات بجے ان کے والد کو بلایا گیا جس کے بعد وہ فوراً اپنے بیٹے کو جوبلی ہلز اپولو ہسپتال لے گئے جہاں پتہ چلا کے ان کے بیٹے کی موت ہو گئی ہے۔‘
پولیس کے مطابق  لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔  سرجری کے باعث مرنے والے لکشمی نارئنا کی اگلے مہینے شادی طے تھی۔  
لکشمی نارئنا کی موت کے بعد ان کے گھر والوں کی جانب سے کلینک انتظامیہ کی لاپرواہی کے خلاف مقدمہ درج کرایا گیا ہے۔ 
ایف ایچ ایس انٹرنیشنل کی ویب سائٹ پر دعویٰ کیا گیا ہے کہ یہ ڈینٹل کلینک انڈیا کا سب سے زیادہ ایوارڈ حاصل کرنے والا ادارہ ہے۔ انٹرنیشنل ڈینٹل کلینک نے 2017 سے اب تک 55 سے زائد ایوارڑ جیتے ہیں۔ 

شیئر: