Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پوائنٹس ٹیبل پر سب سے نیچے ہونے کے باوجود لاہور قلندرز پی ایس ایل کی مقبول ترین ٹیم

لاہور قلندرز اس وقت ٹورنامنٹ کے پوائنٹس ٹیبل پر سب سے نیچے ہے تاہم مقبولیت میں یہ فرنچائز سب سے اوپر ہے (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے نویں ایڈیشن میں چھ ٹیموں کے درمیان ہائی وولٹیج مقابلے جاری ہیں۔
ٹورنامنٹ میں شریک تمام ٹیمیں جہاں میدان میں سبقت لینے کے لیے خوب زور آزمائی کر رہی ہیں وہیں میدانوں سے باہر عوام بھی اپنی اپنی پسندیدہ ٹیموں کے لیے کافی پرجوش ہیں۔
اس سلسلے میں نجی مارکیٹنگ اور سوشل ریسرچ کمپنی ’پلس کنسلٹنٹ‘ نے اپنا سروے جاری کیا ہے جس میں انہوں نے پی ایس ایل 9 کی اب تک کی مقبول ٹیموں کی فہرست جاری کی ہے۔
پلس کنسلٹنٹ کے مطابق 24 فروری تک پاکستان سپر لیگ کی سب سے مقبول ٹیم دفاعی چیمپیئن لاہور قلندرز رہی ہے۔
لاہور قلندرز اس وقت ٹورنامنٹ کے پوائنٹس ٹیبل پر سب سے نیچے ہے تاہم مقبولیت میں یہ فرنچائز سب سے اوپر ہے۔
اس سروے میں 27 فیصد افراد نے لاہور قلندرز کو اپنی پسندیدہ ٹیم بتایا ہے۔
اُردو نیوز سے بات کرتے ہوئے پلس کنسلٹنٹ کے سی ای او کاشف حفیظ صدیقی نے بتایا کہ لاہور قلندرز اتوار کو اپنا پانچواں میچ کھیل رہی ہے اور اس سے قبل وہ اپنے تمام چاروں میچ ہار چکے ہیں تاہم سال بھر ٹی وی پر رہنے کے باعث اس ٹیم کو غیر معمولی شہرت حاصل ہے۔
پی ایس ایل 9 میں دوسرے نمبر پر سب سے مقبول ٹیم کراچی کنگز رہی ہے۔
2020 میں پی ایس ایل اپنے نام کرنے والی کراچی کنگز کو 13 فیصد افراد پسند کرتے ہیں۔
اسی طرح اس فہرست میں تیسرے نمبر پر ملتان سلطانز کی ٹیم براجمان ہے۔
 

اس سروے میں 27 فیصد افراد نے لاہور قلندرز کو اپنی پسندیدہ ٹیم بتایا ہے (فوٹو: پلس کنسلٹنٹ فیس بک)

ملتان سلطانز کو سروے میں شریک 12 فیصد عوام نے اپنی پسندیدہ ٹیم بتایا ہے۔
پی ایس ایل 9 میں مقبولیت کے لحاظ سے چوتھے نمبر پر آنے والی ٹیم پشاور زلمی کی ہے۔
سروے میں شریک  11 فیصد افراد پشاور زلمی کو اپنی فیورٹ ٹیم سمجھتے ہیں۔
 

بابر اعظم کی پشاور زلمی کو 11 فیصد عوام اپنی پسندیدہ ٹیم مانتے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)

اسی طرح اس فہرست میں چھٹا نمبر دو مرتبہ کی چیمپیئن ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ کا ہے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ 6 فیصد عوام کی پسندیدہ ٹیم کے طور پر سامنے آئی ہے۔
اس سروے میں سب سے آخر میں آنے والی ٹیم 2019 کی چیمپیئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ہے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 5 فیصد عوام اپنی پسندیدہ ٹیم قرار دیتے ہیں۔

شیئر: