Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آئی ایم ایف کو جلد خط بھیجا جائے، عمران خان کی پارٹی رہنماؤں کو ہدایت

عمران خان نے بتایا کہ ’خط میں موقف اپنایا جائے گا کہ سیاسی استحکام کے بغیر معاشی استحکام نہیں آ سکتا‘ (فوٹو: اے ایف پی)
تحریک انصاف کے بانی عمران خان نے اڈیالہ جیل میں میڈیا سے غیر رسمی بات چیت میں بتایا ہے کہ ’میں جیل سے کوئی بھی چیز لکھ کر باہر نہیں بھیج سکتا۔ آئی ایم ایف کو لکھا جانے والا خط میں نے ڈکٹیٹ کروایا ہے۔‘
مزید پڑھیں
جب اُن سے پوچھا گیا کہ کیا آئی ایم ایف کو خط بھیج دیا گیا ہے؟ تو عمران خان نے جواب دیا کہ ’خط ڈکٹیٹ کروانے کے بعد سے اب تک پارٹی رہنماؤں سے ملاقات نہیں ہوئی۔‘
انہوں نے مزید بتایا کہ ’آج پارٹی رہنماؤں سے ملاقات ہو گی جس کے بعد خط کے بارے میں علم ہو گا۔ پارٹی رہنماؤں سے مشاورت کے بعد آج ہی آئی ایم ایف کو خط بھیجا جائے گا۔‘

8 فروری کو عوامی مینڈیٹ چوری کیا گیا: عمران خان

اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے گفتگو میں سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ’عوامی مینڈیٹ سے بڑی کوئی چوری نہیں ہو سکتی۔ انہوں نے عوام کا مینڈیٹ چوری کیا ہے۔ آئی ایم ایف کو لکھا جانے والا خط غداری قرار دیا جا رہا ہے۔‘

آئی ایم ایف کو لکھے جانے والے خط کا متن کیا ہو گا؟

عمران خان نے بتایا کہ ’آئی ایم ایف کو لکھے جانے والے خط میں موقف اپنایا جائے گا کہ سیاسی استحکام کے بغیر معاشی استحکام نہیں آ سکتا۔ تمام معیشت دان یہ کہتے ہیں کہ وسائل پیدا کیے بغیر قرض پر ملک نہیں چل سکتا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ساری قوم کہہ رہی ہے کہ دھاندلی ہوئی ہے، 20 نشستوں والے کو وزیراعظم بنایا جا رہا ہے۔ سارا ملک انتخابات میں ان جماعتوں کے خلاف کھڑا ہوا ہے۔‘

’چیف الیکشن کمیشن کو استعفیٰ دینا چاہیے‘

عمران خان نے غیر رسمی گفتگو میں بتایا کہ ان انتخابات کے بعد چیف الیکشن کمشنر کو استعفی دینا چاہیے۔ چیف الیکشن کمشنر نے ہمیں لیول پلینگ فیلڈ نہیں دی۔

عمران خان نے کہا کہ ’عوامی مینڈیٹ سے بڑی کوئی چوری نہیں ہو سکتی‘ (فوٹو: اے ایف پی)

انہوں نے نگران حکومت پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’نگراں حکومتیں بھی ہمارے خلاف لگائی گئی تھیں۔ الیکشن کمیشن انتخابات کے بعد بھی دھاندلی میں مصروف ہے۔ پی ٹی آئی کو الیکشن کمیشن سے کوئی اُمید نہیں ہے۔‘

’صدر نے اسمبلی کا اجلاس نہ بلا کر بالکل ٹھیک کیا‘

تحریک انصاف کے بانی نے کہا کہ ’صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے قومی اسمبلی کا اجلاس نہ بلا کر بالکل ٹھیک کیا ہے۔ ہماری پارٹی جیتی ہوئی ہے مگر مخصوص نشستیں نہیں دی جا رہیں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ الیکشن میں پی ٹی آئی کو ختم کرنے کی پوری کوشش کی گئی۔ پارٹی کو ختم کرنے کے لیے نو مئی کا استعمال کیا گیا۔ ظلم سے پارٹی ختم نہیں ہوئی بلکہ وہ سب سے مضبوط جماعت بن گئی ہے۔ سنیچر کو دوبارہ احتجاج کی کال دینے لگے ہیں۔‘

مولانا فضل الرحمان سے بات چیت پر تبصرہ

جب عمران خان سے پوچھا گیا کہ آپ تو مولانا فضل الرحمن کو بُرے القابات اور محمود خان اچکزئی کو غدار کہتے تھے آج ان سے رابطے کیوں بڑھا رہے ہیں؟ تو انہوں نے کچھ یوں جواب دیا کہ ’ہم نون لیگ پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کے خلاف ہیں جنہیں دھاندلی کر کے جتوایا گیا۔ دھاندلی کر کے ہرائی جانے والی جماعتوں کو اکٹھا کر رہے ہیں ان کے ساتھ مل کر ملک بھر میں احتجاج کریں گے۔‘
اُن سے سوال کیا گیا کہ اگر محمود خان اچکزئی آپ کے ساتھ مل جائیں تو کیا پھر وہ غدار نہیں ہوں گے؟ جس پر بانی پی ٹی آئی سوال کا جواب دیے بغیر کورٹ روم سے چلے گئے۔

عمران خان نے کہا کہ پارٹی رہنماؤں سے مشاورت کے بعد آج ہی آئی ایم ایف کو خط بھیجا جائے گا (فوٹو: اے ایف پی)

آئی ایم ایف کو خط عمران خان کی ہدایات کے مطابق بھیجا جائے گا: شیر افضل مروت

اڈیالہ جیل کے باہر شیر افضل مروت نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ آئی ایم ایف کے خط سے متعلق خان صاحب نے کہا ہے خط پی ٹی آئی بیانیے کے مطابق خط بھیجا جائے۔
’ہم 29 فروری کو اسمبلی میں حلف لینے جائیں گے۔ سنیچر کو دھاندلی کے خلاف ملک بھر میں احتجاج بھی کریں گے۔ عمران خان کے ساتھ ہماری پارٹی کے اندرونی معاملات پر بات چیت ہوئی ہے۔‘
گزشتہ ہفتے عمران خان نے آئی ایم ایف کو خط لکھنے کا اعلان کیا تھا۔ انہوں نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا تھا کہ ’اگر ایسے حالات میں ملک کو قرضہ ملا تو قرضے کو واپس کون کرے گا۔ اس قرض سے غربت بڑھے گی۔جب تک سرمایہ کاری نہ ہو قرض بڑھتا چلا جائے گا۔‘

آئی ایم ایف نے شفاف انتخابات کی یقین دہائی کروائی تھی: پی ٹی آئی 

آئی ایم ایف کو خط لکھے جانے پر پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ عالمی مالیاتی ادارے کو خط لکھنا ان کی کمٹمنٹ کا فالو اپ ہے۔
گذشتہ ہفتے میڈیا سے گفتگو میں متعدد پی آئی رہنماؤں نے یہ بتایا تھا کہ آئی ایم ایف کو خط ابھی نہیں لکھا گیا اور نہ انہیں معلوم ہے کہ خط میں کیا لکھا ہوگا۔

شیئر: