Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مصنوعات کی فروخت کے لیے غلط اشتہار پر 10 لاکھ ریال جرمانہ

ڈیجیٹل مارکیٹنگ پلیٹ فارم کو مستقل طورپربلاک بھی کیا جاسکتا ہے(فوٹو، ایکس اکاونٹ)
وزارت تجارت کا کہنا ہے کہ  ڈیجیٹل مارکیٹنگ کے لیے غلط اشتہار بنانے پر 10 لاکھ ریال جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ قانون کی شق نمبر11 کے بموجب غلط اشتہارات کا مقصد صارفین کو گمراہ کرنا ہے جو قانونی طورپرجرم ہے۔
اخبار 24 کے مطابق وزارت تجارت نے اس حوالے سے تاجروں اور صنعت کاروں کے علاوہ ڈیجیٹل مارکیٹنگ کے شعبے سے منسلک افراد کو خبردار کیا ہے کہ ایسی مصنوعات یا سروسز جن کی فروخت کے لیےکسی بھی پلیٹ فارم پرصارفین کو متوجہ کرنے کےلیے اشتہارات دیئے جاتے ہیں ان میں بیان کیا گیا مواد غلط نہ ہو۔
اشتہار کے لیے تحریر، تصاویر یا وڈیو وغیرہ میں دکھائی جانے والی اشیا یا ان کے بارے میں کیے جانے والے دعوے غلط ثابت ہونے پرانہیں قانون کا سامنا کرنا پڑے گا۔
ڈیجیٹل مارکیٹنگ کے شعبے میں غلط اشتہار بازی کی سزا سخت ہے جس پر 10 لاکھ ریال جرمانے کے علاوہ ڈیجیٹل مارکیٹنگ کا لائسنس وقتی یا مستقل طورپر بھی معطل کیا جاسکتا ہے ۔
خلاف ورزی کی نوعیت کو دیکھتے ہوئے ڈیجیٹل مارکیٹنگ یا اشتہاری پلیٹ فارم کو عارضی یا مستقل طورپر بلاک کیا جاسکتا ہے۔
واضح رہے سوشل میڈیا یا الیکٹرانک میڈیا پرآج کل انواع و اقسام کی تجارت کے رجحان میں اضافہ ہورہا ہے اس ضمن میں وزارت تجارت کی جانب سے صارفین کے حقوق کا تحفظ کرتے ہوئے ایسی اشیا کی فروخت پرپابندی عائد کی جاتی ہے جو مملکت کی جانب سے مقرر کردہ کوالٹی کے خلاف ہوں ۔
ڈیجیٹل مارکیٹنگ سے منسلک بعض لوگ اپنی مصنوعات کی مارکیٹنگ کے لیے ایسے اشتہارات کے ذریعے لوگوں کو اپنی جانب راغب کرتے ہیں جن کا ان مصنوعات یا اشیا سے کوئی تعلق نہیں ہوتا۔ جعلی اشتہار بازی کرنے پر وزارت تجارت کی جانب سے سخت ایکشن لیا جاتا ہے۔

شیئر: