Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پشاور ہائیکورٹ نے مخصوص نشستوں پر اراکین کو حلف اٹھانے سے روک دیا

44 سال بعد تاریخ درست ہوئی ہے، بلاول بھٹو کا سپریم کورٹ کے فیصلے پر ردعمل
صوبہ خیبر پختونخوا کی 15 وزرا پر مشتمل کابینہ تشکیل، گورنر نے دستخط کر دیے
ذوالفقار علی بھٹو کو فیئر ٹرائل نہیں ملا، سپریم کورٹ کی متفقہ رائے
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وزیراعظم شہباز شریف سے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی ملاقات 
وزیراعظم شہباز شریف سے چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر کی وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات ہوئی ہے۔
وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے بدھ کو ہونے والی ملاقات میں آرمی چیف نے وزیراعظم کو منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
ملاقات میں پاک فوج کے پیشہ ورانہ اور سکیورٹی امور سے متعلق بات چیت ہوئی۔
سپریم کورٹ کی متفقہ رائے تاریخ کو درست تناظر میں سمجھنے میں مددگار ثابت ہو گی، وزیراعظم شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف کی سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کو شفاف ٹرائل نہ ملنے کی سپریم کورٹ کی رائے پر بلاول بھٹو زرداری، نامزد صدر آصف علی زرداری، پیپلز پارٹی کی قیادت اور کارکنوں کو مبارکباد دی ہے۔
وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق شہباز شریف نے کہا کہ تاریخی غلطی کا ازالہ ممکن نہیں لیکن سنگین غلطی کے اعتراف سے ایک نئی تاریخ اور ایک نئی روایت قائم ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عدالت سے ہونے والی زیادتی کو عدالت کا درست کرنا مثبت پیش رفت ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ بھٹو ریفرنس میں سپریم کورٹ کی متفقہ رائے قومی سطح پر تاریخ کو درست تناظر میں سمجھنے میں مددگار ثابت ہو گی۔ 
مخصوص نشستیں کیس:پشاور ہائی کورٹ سپیکر قومی اسمبلی کو کل تک ممبران سے حلف نہ لینے کا حکم امتناع
پشاور ہائی کورٹ نے سنی اتحاد کونسل کو مخصوص نشستیں الاٹ نہ کرنے کے فیصلے کے خلاف کیس کا محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے سپیکر قومی اسمبلی کو کل تک ممبران سے حلف نہ لینے کا حکم امتناع جاری کیا ہے۔
بدھ کو پشاور ہائیکورٹ نے اپنے فیصلے میں پشاور ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کو پری ایڈمیشن نوٹس جاری  کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کو کل جمعرات تک جواب جمع کرنے کی ہدایت کی ہے۔
فیصلے میں اٹارنی جنرل اور ایڈووکیٹ جنرل کو عدالتی معاونت کے لیے نوٹس جاری کیا گیا ہے کہ کیا مخصوص نشستوں کے لیے پشاور ہائیکورٹ سے رجوع کیا جا سکتا ہے؟
عدالت نے لارجر بنچ کی تشکیل کے لیے کیس چیف جسٹس کو بھیج دیا ہے۔
ذخیرہ اندوزوں کو جرمانے بھی ہوں گے گرفتاریاں بھی ہوں گی، وزیر اعلٰی پنجاب مریم نواز

وزیر اعلٰی پنجاب مریم نواز نے رمضان پیکج کی تقسیم کے حوالے سے پریس بریفنگ میں کہا کہ ذخیرہ اندوزوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا، ذخیرہ اندوزوں کو جرمانے بھی ہوں گے اور گرفتاریاں بھی ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ قیمتوں کو کنٹرول کرنے سے متعلق صفر برداشت کی پالیسی ہو گی، ضلعی انتظامیہ کو ہدایات دی گئی ہیں کہ پرائس لسٹ پر عمل درآمد ہونا چاہیے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ فی الحال پنجاب حکومت کے پاس پرائس کنٹرول کا کوئی محکمہ نہیں ہے، اس حوالے سے مکمل نظام تیار کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں موجود گوداموں کو ضلعی انتظامیہ کے ساتھ رجسٹر ہونا چاہیے۔
وزیر اعلٰی کا کہنا تھا کہ پرائس لسٹ کی خلاف ورزی پر گزشتہ روز 46 ہزار چھاپے مارے گئے، 4.2 ملین روپے کے جرمانے ہوئے، 133 ایف آئی آرز ہوئی ہیں اور 236 افراد گرفتار ہوئے۔
صوبہ خیبر پختونخوا کی 15 وزرا پر مشتمل کابینہ تشکیل

صوبہ خیبرپختونخوا کی 15 وزرا پر مشتمل کابینہ تشکیل دے دی گئی ہے۔
گورنر خیبرپختونخوا نے سمری پر دستخط کر دیے ہیں۔
صوبائی کابینہ میں ارشد ایوب، شکیل احمد، فضل حکیم خان، محمد عدنان قادری، عاقب اللہ، محمد سجاد، مینا خان، فضل شکور، نذیر احمد عباسی، پختون یار، آفتاب عالم، خلیق الرحمان اور سید قاسم علی شاہ، فیصل خان ترکئی اور محمد ظاہر شاہ طورو شامل ہیں۔
مانسہرہ سے ممبر صوبائی اسمبلی زاہد چن زیب کو وزیر اعلٰی خیبرپختونخوا کا مشیر مقرر کیا گیا ہے۔ صوبائی کابینہ میں شامل وزرا آج شام ساڑھے چھ بجے حلف اٹھائیں گے۔

شیئر: