Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سروسز میں خرابی، مارک زکربرگ کو 3 ارب ڈالر کا نقصان

مارک زکربرگ کو ایک دن میں 2 ارب 79 کروڑ ڈالر کا نقصان ہوا (فوٹو: اے ایف پی)
منگل کو دنیا بھر میں فیسبک اور انسٹاگرام کی سروس خراب ہونے پر مارک زکربرگ کی کمپنی میٹا کو لگ بھگ تین ارب ڈالر کا نقصان ہوا ہے۔
انڈیا ٹوڈے کے مطابق میٹا کے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز فیسبک اور انسٹاگرام کی 5 مارچ کو دنیا بھر میں بندش کے باعث کمپنی کو لگ بھگ تین ارب ڈالر کا نقصان ہوا ہے۔
بلوم برگ بلینیئر انڈکس کی رپورٹ کے مطابق میٹا کے بانی، چیئرمین اور سی ای او مارک زکربرگ کو ایک دن میں 2 ارب 79 کروڑ ڈالر کا نقصان ہوا جس کے بعد اُن کے پاس مجموعی دولت 176 بلین ڈالر رہ گئی ہے تاہم وہ ابھی بھی دنیا کے چوتھے امیر ترین شخص ہیں۔
نیسڈیک کے مطابق میٹا کا سٹاک 5 مارچ کو ٹریڈنگ سیشن کے دوران 1.6 فیصد گرا۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق فیس بک اور انسٹاگرام کی بندش کے دوران میٹا کے سوشل میڈیا اور میسجنگ پلیٹ فارم واٹس ایپ بزنس کی سروس بھی متاثر ہوئی۔
یاد رہے منگل کو دنیا بھر میں فیسبک، تھریڈز، میسنجر اور انسٹاگرام کی سروس 30 منٹ تک معطل رہی تھی اور لاکھوں صارفین کے اکاؤنٹ خود بخود اچانک لاگ آؤٹ ہوگئے تھے۔
میٹا کے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کی سروس میں خرابی پر سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) اور سپیس ایکس کمپنی کے مالک ایلون مسک نے بھی مزاحیہ انداز میں اپنے روایتی حریف پر طنزیہ ٹویٹ کی۔
ایلون مسک نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ’اگر آپ یہ پوسٹ پڑھ رہے ہیں تو اس کی وجہ یہ ہے کہ ہمارے سرور کام کر رہے ہیں۔‘
واضح رہے فروری 2024 میں مارک زکربرگ کی دولت (نیٹ ورتھ) میں 27 بلین ڈالر کا اضافہ ہوا جس کے بعد اُن کی کل دولت 169.5 بلین ڈالر ہوگئی تھی۔
مارک زکربرگ نے پیسے کے لحاظ کے مائیکروسوفٹ کے بانی بل گیٹس کو پیچھے چھوڑ دیا اور وہ دنیا کے چوتھے امیر ترین شخص بن گئے۔

شیئر: