Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی ایس ایل 9: اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو پانچ وکٹوں سے شکست دے دی

کراچی کنگز کو شکست دینے کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر آگئی ہے(فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان سپر لیگ کے 24ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو پانچ وکٹوں سے شکست دے دی۔
جمعرات کو اسلام آباد یونائیٹڈ کی دعوت پر کراچی کنگز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 150 رنز بنائے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ نے 151 رنز کا ہدف 18ویں اوور کی چوتھی گیند پرپانچ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
کراچی کنگز کی ناقص بولنگ نے اسلام آباد یونائیٹڈ کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔
دونوں ٹیموں کی جانب سے کوئی بھی بلے باز 50 رنز تک نہ پہنچ سکا۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی اننگز
اسلام آباد یونائیٹڈ نے ہدف کے تعاقب کا آغاز کیا تو تین اوورز میں بغیر کسی نقصان کے 28 رنز بنائے۔ ٹیم کو پہلا نقصان کولن منرو کی صورت میں اس وقت اٹھانا پڑا جب وہ نو رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔
ایلکس ہیلز بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور چوتھے اوور میں 18 رنز بنا کر میر حمزہ کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔
اس کے بعد شاداب خان اور آغا سلمان نے پارٹنرشپ میں 60 سے زائد رنز بنائے۔ آغا سلمان 33 جبکہ شاداب خان 34 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے سب سے زیادہ 34 رنز شاداب خان نے بنائے (فوٹو: اے ایف پی)

ان فارم بیٹر اعظم خان اس میچ اچھی کارگردگی نہ دکھا سکے اور صرف نو رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔
اس کے بعد حیدر علی کے 26 اور فہیم اشرف کے 12 رنز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو فتح سے ہمکنار کیا۔
کراچی کنگز کی جانب سے میر حمزہ تین جبکہ بلیسنگ مزاربانی اور زاہد محمود ایک ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔
کراچی کنگز کی اننگز
کراچی کنگز نے بیٹنگ کی شروعات کی اور پہلے چار اوورز میں بغیر کسی نقصان کے 34 رنز بنائے۔
ٹیم کو پہلا نقصان کپتان شان مسعود کی صورت میں ہوا۔ وہ ایک مرتبہ پھر اچھی کارگردگی دکھانے میں ناکام رہے۔
شان مسعود صرف 10 رنز بنا کر فہیم اشرف کی گیند پر عماد وسیم کو کیچ تھما بیٹھے۔ ٹم سیفرٹ 19 گیندوں پر چھ رنز بنا کرآؤٹ ہوگئے۔

کیرون پولارڈ 28 گیندوں پر 39 رنز بنا کر نمایاں رہے (فوٹو: پی ایس ایل)

اس کے بعد شعیب ملک ایک اور محمد نواز پانچ رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔
ون ڈاؤن آنے والے جیمز ونس محتاط بیٹنگ کی اور 27  گیندوں پر 29 رنز بنا کر وکٹ کیپر اعظم خان کو کیچ تھما بیٹھے۔
کیرون پولارڈ تین چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 39 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد آؤٹ ہوگئے۔
عرفان خان نیازی 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ حسن علی چھ اور میر حمزہ دو رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

پوائنٹس ٹیبل پر کراچی کنگز چھ پوائنٹس کے ساتھ بادستور پانچویں پوزیشن پر ہے (فوٹو: اے ایف پی)

اسلام آبا یونائیٹڈ کی جانب سے ٹائمل ملز نے تین اور فہیم اشرف نے دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ حنین شاہ اور عماد وسیم نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
دونوں ٹیموں کے درمیان  رواں سیزن کا یہ دوسرا میچ تھا۔
28 فروری کو نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے پہلے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو سات وکٹوں سے شکست دی تھی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی پلیئنگ الیون

ایلکس ہیلز، کولن منرو، سلمان علی آغا، شاداب خان(کپتان)، اعظم خان، حیدر علی، عماد وسیم، فہیم اشرف، میتھیو فورڈ، حنین شاہ اور ٹائمل ملز اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم کا حصہ تھے۔

کراچی کنگز کی پلیئنگ الیون

شان مسعود(کپتان)، ٹم سیفرٹ، جیمز ونس،شعیب ملک، کیرون پولارڈ، عرفان خان نیازی، محمد نواز، حسن علی، زاہد محمود، میر حمزہ اور بلیسنگ مزار بانی کراچی کنگز کی پلیئنگ الیون میں شامل تھے۔

شیئر: