Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آرمی چیف کا آواران کا دورہ، ’بلوچستان کی کامیابی پاکستان کی کامیابی ہے‘

پاکستان کی فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ بلوچستان کی کامیابی پاکستان کی کامیابی ہے۔
جمعے کو فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں بتایا گیا ہے کہ جنرل عاصم نے بلوچستان کے ضلع آواران کا دورہ کیا جہاں بلوچستان کے کور کمانڈر نے ان کا استقبال کیا۔
آرمی چیف کو صوبے کی سکیورٹی اور صوبے کی سماجی و اقتصادی ترقی اور زراعت کے لیے فوج کی جانب سے کی جانے والی کوششوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
بیان کے مطابق انہوں نے ’مقامی مشران، کسانوں اور شہدا کے خاندان والوں سے بات چیت بھی کی اور ان کو فوج کی جانب سے تحفظ اور فلاح کا یقین بھی دلایا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’بلوچستان کی کامیابی پاکستان کی کامیابی ہے۔ پاکستان بلوچستان کے بہادر عوام پر فخر کرتا ہے اور ہر مشکل وقت میں ان کے ساتھ کھڑا ہے۔‘
آواران کی نمایاں شخصیات اور کسانوں کے ساتھ گفتگو میں زراعت کی اہمیت پر زور دیا اور گرین انیشٹیو کے لیے فوج کے بھرپور عزم کا اظہار کیا۔
اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ کسانوں کو ہر قسم کی زرعی سہولتیں مہیا کی جائیں گی جن میں آسان زرعی قرضوں کے علاوہ بیج، کھادیں، شمسی ٹیوب ویل بھی شامل ہوں گے جبکہ رہنمائی کے لیے ماہرین کی خدمات بھی مہیا کی جائیں گی تاکہ وہ اپنی زمینوں پر اچھی کاشت کاری کر سکیں اور ملک کی ترقی میں حصہ ڈالیں۔
بعدازاں آرمی چیف نے کیڈٹ کالج آواران کا افتتاح کیا اور فیکلٹی ممبرز اور طلبا سے بات چیت کی۔
انہوں نے بلوچستان میں ایک اور کیڈٹ کالج کے قیام کو سراہا۔
انہوں نے عزم کا اظہار کیا کہ فوج متعلقہ سول محکموں کے ساتھ مل کر بلوچستان کی ترقی کے لیے کام اور امدادی سرگرمیاں جاری رکھے گی۔

شیئر: