Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کنگ سلمان ریلیف سینٹر کی گوادر کے متاثرین کے لیے امداد

سعودی عرب کے کنگ سلمان ہیومینٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر کی جانب سے بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر میں بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ افراد کے لیے امداد روانہ کر دی گئی ہے۔
اتوار کو کنگ سلمان ریلیف سینٹر نے سیلاب سے متاثرہ افراد کی غذائی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ہنگامی امداد کے 873 ٹن ضروری اشیائے خوردونوش سے لدے ٹرک گوادر بھیجے۔ 
یہ امداد اسلام آباد میں قائم پاکستان سپورٹس کمپلیکس میں سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی اور وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے مشترکہ طور پر روانہ کی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے کہا کہ ’کنگ سلمان ہیومینٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر پاکستان میں شاندار خدمات سر انجام دے رہا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’میں اپنے پاکستانی بھائیوں کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ مملکت کی حکومت اور خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز پاکستان کے ساتھ برادرانہ اور دوستانہ تعلقات کو نئی بلندیوں پر لے جانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کریں گے۔‘
اس موقع پر بلوچستان کے وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے کہا کہ ’موسمیاتی تبدیلی اور گرین گیسز کے پھیلاؤ میں پاکستان اور بلوچستان کا کردار نہیں لیکن دونوں ہی اس سے متاثر ہورہے ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اقدامات اُٹھائیں گے۔

امداد حکومت بلوچستان اور نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے اشتراک سے تقسیم کی جائے گی۔ (فوٹو: اُردو نیوز)

وزیراعلیٰ نے سعودی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ’مشکل وقت میں سعودی عرب نے ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا ہے اور ہم  گودار کے لیے  ہنگامی ریلیف پر شکر گزار ہیں۔‘
سعودی عرب کے پیکیج کے ذریعے 9000  فوڈ پیکج گوادر میں سیلاب سے متاثرہ افراد میں تقسیم کیے جائیں گے جس میں اشیائے خوردونوش شامل ہیں۔
ایک  فوڈ پیکج کا مجموعی وزن 97 کلوگرام بنتا ہے جس میں (80 کلو آٹا، 5 لیٹر کوکنگ آئل، 5 کلو چینی، 5 کلو دال چنا، 2 کلو کھجور) شامل ہیں۔ اس غذائی پیکج سے 63000 سے زائد افراد مستفید ہوں گے۔

سعودی امداد کے غذائی پیکج سے 63000 سے زائد افراد مستفید ہوں گے (فوٹو: اُردو نیوز)

کنگ سلمان ریلیف سینٹر 9000 فوڈ پیکج کے علاوہ 9,000 شیلٹر، این ایف آئی کٹس (315 ٹن) بھی فراہم کر رہا ہے جن میں شیلٹر، سولر پینلز، کمبل، پلاسٹک کی چٹائیاں، کچن سیٹ، واٹر  کولر اور اینٹی بیکٹیریل صابن سمیت ضروری امدادی اشیاء شامل ہیں۔ 
یہ امداد حکومت بلوچستان اور نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے اشتراک سے تقسیم کی جائے گی۔
اس موقع پر کنگ سلمان ریلیف کے حکام کا کہنا تھا کہ ’یہ اقدام انسانی ہمدردی کی کوششوں کے لیے سعودی عرب کے عزم کی نشاندہی کرتا ہے اور مصیبت کے وقت پاکستان میں متاثرہ خاندانوں کی مدد کے لیے جاری لگن کی عکاسی کرتا ہے۔‘

شیئر: