Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سینیٹ انتخابات: جے یو آئی (ف) اور پیپلز پارٹی کا ایک دوسرے کی حمایت کا اعلان

الیکشن کمیشن نے سینیٹ انتخابات 2 اپریل کو کروانے کا اعلان کر رکھا ہے (فوٹو: ریڈیو پاکستان)
سینیٹ انتخابات کے پیش نظر جمعیت علمائے اسلام اور پیپلز پارٹی نے سینیٹ کے انتخاب میں ایک دوسرے کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے۔
اسلام آباد میں جمعیت علمائے اسلام ف پیپلز پارٹی کے امیدوار سید یوسف رضا گیلانی جبکہ بلوچستان میں پیپلز پارٹی جمعیت علمائے اسلام کے امیدوار کی حمایت کرے گی۔
پیپلز پارٹی سیکریٹریٹ اسلام آباد میں جمعیت علمائے اسلام کے وفد نے مولانا عبدالغفور حیدری کی سربراہی میں پیپلز پارٹی کے رہنماؤں سے ملاقات کی۔ 
جے یو آئی ف کا وفد مولانا عبدالغفور حیدری کی قیادت میں پیپلز پارٹی سیکریٹریٹ پہنچا۔ وفد کی پیپلزپارٹی رہنماؤں یوسف رضا گیلانی، نیئر حسین بخاری اور میر اعجاز جاکھرانی سےملاقات ہوئی۔ 
ملاقات میں سینیٹ انتخابات سمیت دیگر سیاسی امور پر مشاورت کی گئی۔ باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ سینیٹ انتخابات پر دونوں جماعتوں کے درمیان اہم پیشرفت ہوئی ہے۔ دونوں جماعتیں ایک دوسرے کے امیدواروں کی حمایت کریں گی۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ سینیٹ کے اندر ووٹوں کا فیصلہ پہلے ہی کرلیا تھا تاہم حکومت سازی کے عمل میں شریک نہیں ہوں گے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سید یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ پارلیمان میں ایک دوسرے کی حمایت کا فیصلہ کیا ہے۔ 
انہوں نے کہا کہ ہماری مذاکراتی کمیٹی نے قیادت کی ہدایت پر دو تین مرتبہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی ہے۔ ملاقاتوں اور حمایت کا یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ پیپلزپارٹی کے رہنما یوسف رضا گیلانی نے جے یو آئی ف کے اقدام کا خیر مقدم بھی کیا۔
اس موقع پر پیپلز پارٹی کے سیکریٹری جنرل نیئر حسین بخاری کا کہنا تھا کہ سینیٹ الیکشن میں پیپلز پارٹی، جے یو آئی کو سپورٹ کرے گی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے 8 فروری 2024 کے انتخابات کے نتائج پر سوال اٹھاتے ہوئے پارلیمانی سرگرمیوں سے لاتعلقی ظاہر کی تھی۔ انہوں نے صدر اور وزریراعظم کے الیکشن کا بھی بائیکاٹ کیا تھا۔

مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ سینیٹ کے اندر ووٹوں کا فیصلہ پہلے ہی کرلیا تھا (فوٹو: سکرین گریب)

الیکشن کمیشن نے سینیٹ انتخابات 2 اپریل کو کروانے کا اعلان کر رکھا ہے۔  الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مطابق سینیٹ انتخابات کا انتخابی شیڈول 14 مارچ کو جاری کیا جائے گا۔
سینیٹ انتخابات کے لئے فاٹا کی 4 مخصوص نشستیں 25 ویں آئینی ترمیم کے تحت ختم ہوچکی ہیں جس کی وجہ سے سینیٹ کی کل نشستیں 100 سے کم ہوکر 96 ہوگئی ہیں۔
2018  میں منتخب ہونے والے 52 سینیٹرز ریٹائر ہو چکے ہیں۔ ریٹائر ہونے والے 52 سینیٹرز میں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی، ڈپٹی چیئرمین مرزا آفریدی، قائد ایوان اسحاق ڈار، قائد حزب اختلاف ڈاکٹر شہزاد وسیم اور سینیٹر رضا ربانی بھی شامل ہیں۔
ریٹائر ہونے والے سینیٹرز میں مسلم لیگ (ن) کی حمایت سے منتخب ہونے والے 13، پاکستان پیپلز پارٹی کے 12، پی ٹی آئی کے 8، جمعیت علمائے اسلام (ف)، پی کے میپ اور نیشنل پارٹی کے دو، دو ارکان، بلوچستان عوامی پارٹی کی حمایت سے منتخب 6، جماعت اسلامی، ایم کیو ایم اور مسلم لیگ فنکشنل کے ایک، ایک سینیٹر شامل ہیں۔

شیئر: