Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

طائف میں گلاب کی مہک کے ساتھ افطار کا لطف دوبالا

پھولوں کے درمیان افطار دسترخوان انتہائی منفرد نظارہ پیش کرتے ہیں (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کی طائف کمشنری میں ان دنوں گلاب کے پھولوں کا سیزن عروج پر ہے۔
الھدا پہاڑ کے اطراف میں گلاب کے کھیتوں میں خوبصورت مناظر بکھرے ہیں جن سے لطف اندوز ہونے کے لیے علاقے کے لوگ افطار دسترخوان کا خصوصی اہتمام کرتے ہیں۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق الھدا پہاڑی کی چوٹی ’الشفا‘ پر گلاب کی بہار 42 سے 50 دنوں تک برقرار رہتی ہے۔ ان دنوں یہاں کا موسم اور خوشگوار نظارے دیکھنے سے تعلق رکھتے ہیں۔
علاقے کے مکین اپنے اہل خانہ کے ہمراہ قدرتی مناظر سے لطف اندوز ہونے کے لیے یہاں افطاری کرنے آتے ہیں جس کی وجہ سے گلاب کے پودوں کے درمیان خوشگوار مہک کے ساتھ افطاری لطف بھی دوبالا ہوجاتا ہے۔


پھولوں کی بھینی بھینی خوشبو سے پوری وادی مہک رہی ہوتی ہے (فوٹو: ایس پی اے)

سعودی خبررساں ایجنسی کی ٹیم نے علاقے کے خوبصورت مناظر کو اپنے کیمرے میں محفوظ کیا۔ ہر طرف پھیلے گلاب کے پودوں اور ان پر کھلے ہوئے پھولوں کے درمیان سجے افطار دسترخوان انتہائی منفرد نظارہ پیش کرتے ہیں۔
علاقے کے ایک فارم ہاؤس کے ذمہ دار کا کہنا تھا کہ ان دنوں بڑی تعداد میں لوگ اپنے اہل خانہ کے ہمراہ یہاں آ کر افطاری کرتے ہیں۔
گلاب کے لاکھوں پھولوں کی بھینی بھینی خوشبو سے پوری وادی ان دنوں مہک رہی ہوتی ہے جس سے لطف اندوز ہونے کے لیے نہ صرف مقامی بلکہ یہاں مقیم غیرملکی بھی ان مناظر سے لطف اندوز ہونے کے لیے بڑی تعداد میں آتے ہیں۔

شیئر: