Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزیراعظم شہباز شریف کا دورۂ جی ایچ کیو، ’فوج حکومت سے تعاون کرے گی‘

وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی وزرا کے ہمراہ راولپنڈی میں پاکستانی فوج کے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) کا دورہ کیا ہے۔
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جمعے کو جاری کردہ بیان کے مطابق ’جی ایچ کیو میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔‘
بیان کے مطابق ’جی ایچ کیو میں وزیراعظم کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا جس کے بعد انہوں نے یادگارِِ شہدا پر حاضری دی اور پھول چڑھائے۔‘
’اس موقعے پرعسکری قیادت کے ساتھ قومی سلامتی کے امور اور علاقائی استحکام پر گفتگو کی گئی۔ عسکری قیادت نے وزیراعظم اور کابینہ ارکان کو سکیورٹی کی صورت حال، تھریٹ سپیکٹرم، سکیورٹی خطرات سے نمٹنے اور انسداد دہشت گردی سے متعلق کارروائیوں پر بریفنگ دی۔‘
آئی ایس پی آر کے مطابق وزیراعظم اور کابینہ کے ارکان نے فوج کی پیشہ وارانہ مہارت، آپریشنل تیاریوں، علاقائی سالمیت کے تحفظ اور امن و استحکام کے لیے فوج کے عزم کو سراہا۔‘
’وزیراعظم نے کہا کہ حکومت مسلح افواج کی آپریشنل تیاریوں کے لیے تمام وسائل فراہم کرے گی۔ عروج پاکستان کا مقدر ہے اور ہم قیام امن کے لیے مسلح افواج کے کردار کو سراہتے ہیں۔‘
آئی ایس پی آر کے مطابق ’آرمی چیف نے وزیراعظم کے دورے اور فوج پر اعتماد کے اظہار پر ان کا شکریہ ادا کیا۔‘
’آرمی چیف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ فوج قوم کی امیدوں پر پورا اُترے گی اور ملک کو درپیش چیلنجز میں حکومت کے ساتھ ثابت قدمی سے تعاون کرے گی۔‘

شیئر: