Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شین واٹسن پاکستان کرکٹ ٹیم کے کوچ بننے کی دوڑ سے دستبردار

شین واٹسن کی کوچنگ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا سفر پی ایس ایل 9 کے پہلے ایلیمینیٹر میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے ہاتھوں شکست کے بعد ختم ہوگیا (فوٹو: اے ایف پی)
آسٹریلیا کے سابق کرکٹر شین واٹسن نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کوچ بننے کی دوڑ سے دستبردار ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔
کرکٹ کی کوریج کرنے والی ویب سائٹ ’کرک اِنفو‘ کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے کوچز کی فہرست میں سب سے اوپر رہنے والے شین واٹسن نے گرین شرٹس کی کوچنگ کی دوڑ سے باہر ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔
گذشتہ ہفتے شین واٹسن اور پی سی بی کے درمیان پاکستانی ٹیم کے لمیٹڈ اوورز (ون ڈے اور ٹی20) فارمیٹ کے کوچ بننے کے بارے میں تفصیلی گفتگو ہوئی۔
شین واٹسن نے پاکستانی ٹیم کے کوچ بننے کی پیشکش میں گہری دلچسپی بھی لی تاہم انہوں نے کرکٹ کمنٹری اور دوسری ٹیموں کی کوچنگ کے باعث معذرت کر لی۔
سابق آسٹریلوی آل راؤنڈر پی ایس ایل کی فرنچائز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور امریکی ٹی20 لیگ میجر لیگ کرکٹ کی ٹیم سین فرانسسکو یونی کورنز کے کوچ ہیں۔
اسی طرح وہ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں کمنٹری بھی کریں گے جبکہ اس کے علاوہ وہ اپنے اہلخانہ کے ساتھ بھی وقت گزارنا چاہتے ہیں۔
اس سے قبل پاکستانی میڈیا میں خبریں گردش کر رہی تھیں کہ پی سی بی نے شین واٹسن کو 20 لاکھ ڈالر سالانہ دینے کی پیشکش کی تاہم کرک اِنفو کا دعویٰ ہے کہ یہ فیس آدھی یعنی 10 لاکھ ڈالر کے قریب تھی اور اس فیس کے باعث شین واٹسن نے کوچ بننے سے دستبرداری کا فیصلہ نہیں کیا۔
شین واٹسن کی جانب سے کوچنگ کی دوڑ سے دستبرداری کے اعلان کے بعد ابھی پاکستانی ٹیم کا کوئی ہیڈ کوچ نہیں ہے۔
پاکستانی ٹیم نے اپریل میں نیوزی لینڈ کے خلاف پانچ ٹی20 میچوں پر مشتمل ہوم سیریز کھیلنی ہے جبکہ مئی میں گرین شرٹس چار ٹی20 میچز کی سیریز کھیلنے انگلینڈ جائے گی۔
خیال رہے کہ شین واٹسن کو گزشتہ برس کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اپنی ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کیا تھا۔
اُن کی کوچنگ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا سفر پی ایس ایل 9 کے پہلے ایلیمینیٹر میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے ہاتھوں 39 رنز سے شکست کے بعد ختم ہوگیا۔

شیئر: