Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

رمضان میں مسواک کا استعمال کتنا فائدے مند ہے؟

تحقیق سے مسواک میں پائے جانے والے 19 قدرتی مادوں کی نشاندہی ہوئی ہے۔ فوٹو: عرب نیوز
رمضان کے مہینے میں اکثر روزے دار منہ کی تازگی برقرار رکھنے اور دانتوں کی صحت کے لیے دن میں کئی بار مسواک کا استعمال کرتے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق صبح سے شام تک روزے کی حالت میں رہنے سے منہ میں لعاب کم پیدا ہوتا ہے جس کا بہترین متبادل مسواک ہے۔

مسواک انسانی صحت کے لیے کئی اعتبار سے مفید ہونے کے ساتھ ساتھ منہ میں خوشبو بھی پیدا کرتی ہے۔ فوٹو: عرب نیوز

ریاض کے دندان ساز ڈاکٹر عبدالعزیز السیف نے بتایا ہے کہ سانس کی مخصوص قسم کی بو سے بچنے اور مسکراہٹیں بکھیرنے کے لیے مسواک حیرت انگیز کام کرتی ہے۔
مسواک جو دانتوں کی صفائی کا قدرتی برش ہے۔ یہ انسانی صحت کے لیے کئی اعتبار سے مفید ہونے کے ساتھ ساتھ منہ میں خوشبو بھی پیدا کرتی ہے۔
ریاض کی دندان ساز ڈاکٹر عائشہ علی احمد نے مسواک کے  فوائد کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ ’مسواک منہ کی بدبو ختم کرتی ہے، ذائقے کی حس بہتر بناتی ہے، دانتوں کو موتیوں کی طرح چمکدار بناتی ہے، یادداشت تیز کرتی ہے، بینائی مضبوط کرتی ہے، ہاضمے میں مدد دیتی ہے اور آواز کو بھی شفاف بناتی ہے۔‘

مسواک دانتوں کی صفائی کا قدرتی برش ہے۔ فوٹو: عرب نیوز

مسواک کی اہمیت اور فوائد کا ذکر متعدد احادیث میں بھی ملتا ہے۔ ’ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اگر میری امت پر بوجھ نہ پڑنے کا خوف نہ ہوتا تو میں انہیں ہر نماز کے وقت مسواک کرنے کا حکم دیتا۔‘ (صحیح مسلم)
عائشہ رضی اللہ عنہا کہتی ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’مسواک منہ کی صفائی اور رب کی خوشنودی کا ذریعہ ہے۔‘ (نسائی)
ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے جمعے کے دن فرمایا: ’اے امت مسلمہ! اللہ نے اس دن کو آپ کے لیے عید بنایا ہے لہٰذا غسل کریں اور مسواک کریں۔‘ (طبرانی، مجمع الزوائد)
سعودی عرب میں مسواک عام طور پر سلواڈورہ پرسیکا ایل کے درخت جسے عربی میں ’عرق‘ کہا جاتا ہے، سے حاصل کی جاتی ہے۔ اس  قسم کے درخت سوڈان، مصر اور چاڈ میں بھی پائے جاتے ہیں۔
جنوبی ایشیا میں مسواک حاصل کرنے کے لیے نیم کا درخت زیادہ مقبول ہے جبکہ زیتون کی ٹہنیوں سے بھی مسواک بنائی جاتی ہے۔

مسواک منہ کی صفائی اور رب کی خوشنودی کا ذریعہ ہے۔ فوٹو: عرب نیوز

ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن نے 1986 اور 2000 میں منہ کی صحت کی حفاظت کے لیے مسواک کے استعمال پر زور دیتے ہوئے اسے وسیع پیمانے پر متعارف کرایا۔ بین الاقوامی رپورٹ کے مطابق مسواک کے فوائد پر مزید تحقیق جاری ہے۔
سائنسی شواہد سے پتہ چلا ہے کہ مسواک میں دوا کی خصوصیات پائی جاتی ہیں جو مسوڑھوں سے خون بہنے، دانتوں کی خرابی اور بیکٹریا  کے خاتمے میں مدد کرتی ہے۔
کنگ سعود یونیورسٹی میں دندان سازوں کے پینل کی تحقیق میں کہا گیا ہے کہ مسواک کو چبانے کے بار بار عمل سے منہ میں لعاب بڑھتا ہے جس میں مسواک کا اثر شامل ہو کر دانتوں کے داغ اتارنے کا کام کرتا ہے۔
تحقیق میں مسواک میں پائے جانے والے 19 قدرتی مادوں کی نشاندہی کی گئی جو دانتوں کی صحت کو فائدہ پہنچاتے ہیں، جو منہ کی صفائی اور دانتوں کی حفاظت کے لیے فائدہ مند ہیں۔  
مسواک میں شامل جراثیم کش قدرتی ادویہ منہ میں نقصان دہ مائکروجنزموں کو مارتی ہیں، اس میں شامل ٹینک ایسڈ مسوڑھوں کو بیماری سے بچاتا ہے اور منہ میں خوشبو دار لعاب کی مقدار بڑھاتا ہے۔

جنوبی ایشیا میں مسواک کے لیے نیم کا درخت زیادہ مقبول ہے۔ فوٹو عرب نیوز

سعودی عرب، مشرق وسطیٰ، شمالی افریقہ اور کئی ایشیائی ممالک میں مسواک کا استعمال ایک قدیم عمل ہے۔
مسلمان رمضان کے مہینے میں اکثتر وضو سے پہلے، قرآن پاک کی تلاوت سے پہلے، سونے سے پہلے، سحری کے وقت، رات کے کھانے کے بعد، سفر کرتے وقت اور  دن میں کئی بار مسواک کا استعمال کرتے ہیں۔
سعودی عرب میں رمضان کے دوران مسواک کی فروخت میں غیر معمولی اضافہ ہوتا ہے۔ ریاض میں مسواک بیچنے والے عبداللہ احمد نے بتایا کہ رمضان کے مہینے میں مسواک کی فروخت میں تقریباً 300 فیصد اضافہ کی توقع کی جاتی ہے۔
 

شیئر: