Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مملکت میں انعامی سکیم اور لاٹری کی سرگرمیاں ممنوع، وزارت تجارت کا انتباہ

بغیر لائسنس کے اشتہاری مہم چلانے والے قانون شکنی کے مرتکب ہوتے ہیں (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزارت تجارت نے غیرقانونی تجارتی انعامی اسکیم اور’ لاٹری‘ کا اعلان کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرنے کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔
اخبار 24 کے مطابق وزارت تجارت کا کہنا ہے’ مملکت میں لاٹری وغیرہ کا تصور نہیں، ایسی سرگرمیاں ممنوع ہیں جن کے خلاف کارروائی کی جاتی ہے۔‘
وزارت تجارت کی جانب سے مزید کہا گیا کہ ’غیرقانونی تجارتی سرگرمیوں اور جعل سازی میں ملوث افراد اور اداروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور ان کا کیس پراسیکیوشن کے حوالے کیا جائے گا۔‘
تجارتی اداروں کے اشتہارات بنانے اور سوشل میڈیا پر انہیں اپ لوڈ  کرنے کے لیے بھی لائسنس کا حصول لازمی ہے۔ ایسے افراد یا ادارے جو بغیر لائسنس کے اشتہاری مہم کرتے ہیں قانون شکنی کے مرتکب ہوتے ہیں۔
واضح رہے تجارتی مصنوعات کے فروغ کےلیے مقابلوں کا انعقاد کرنا یا انعامی اسکیمیوں کا اعلان کرنے سے قبل وزارت تجارت سے باقاعدہ پرمٹ حاصل کرنا ضروری ہوتا ہے۔
وزارت اس حوالےسے شرعی ضوابط کا جائزہ لینے کے بعد پرمٹ جاری کرتی ہے۔

شیئر: