Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فیفا ورلڈ کپ کوالیفائر راؤنڈ: اردن کی پاکستان کو 0-3 سے شکست

فیفا ورلڈ کپ 2026 کوالیفائرز راؤنڈ کے میچ میں اردن نے پاکستان کو صفر کے مقابلے میں تین گول سے ہرا دیا۔
اسلام آباد کے جناح فٹبال سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں اردن کی ٹیم نے موسیٰ التعمری کے عمدہ کھیل کے بدولت تین گول کیے جبکہ پاکستنانی ٹیم کوئی بھی گول کرنے میں ناکام رہی۔
اردن کی جانب سے پہلا گول پہلے ہاف کے دوسرے منٹ میں موسیٰ التعمری نے فری کِک پر کیا۔
اردن کی جانب سے دوسرا گول دسویں منٹ میں علی علوان نے پینلٹی کِک پر کیا۔
اردن کی طرف سے تیسرا گول بھی 86ویں منٹ میں موسیٰ التعمری نے کیا۔

دونوں ٹیموں کو ایکشن میں دیکھنے کے لیے تماشائیوں کی بڑی تعداد سٹیڈیم میں موجود ہے (فوٹو: اُردو نیوز)

اس میچ میں اردن کو دو پینلٹی ککس ملی جبکہ پاکستانی گول گیپر یوسف اعجاز بٹ نے معتدد گول بچائے۔
یہ پاکستان کی فیفا فٹبال ورلڈ کپ میں لگاتار تیسری شکست تھی۔
پاکستان کو اس سے قبل سعودی عرب اور تاجسکتان سے بھی شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
اس میچ سے قبل پاکستان کے انڈر 19 فٹبال فرحان خان کے انتقال پر دونوں ٹیموں نے ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی۔
اردن کی ٹیم 18 برس بعد پاکستان کی سرزمین پر کھیل رہی تھی۔ اس سے قبل اردنی ٹیم نے 2006 میں پاکستان کا دورہ کیا تھا۔
میچ سے ایک روز قبل 20 مارچ کو اردن کی فٹ بال ٹیم کے کوچ نے کہا تھا کہ ’پاکستان کوئی آسان ہدف نہیں۔‘
 اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے اظہار خیال کرتے ہوئے اردن کی فٹ بال ٹیم کے کوچ حسین عموتہ کا کہنا تھا کہ ’اردنی ٹیم نے ایشیا کپ میں اچھی کارکردگی دکھائی جس کی وجی سے ٹیم کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے، ہم بہترین کھیل پیش کریں گے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’اردن میں سب سے زیادہ مقبول کھیل فٹبال ہے لیکن یہ ایک آسان کھیل ہرگز نہیں ہے۔ اردن کے لیے ہر ایک کھیل اہم ہے۔ ہم پاکستان کا کوالیفائر میچز میں بھرپور مقابلہ کریں گے۔‘
دوسری جانب پاکستانی فٹبال ٹیم کے کوچ سٹیفن کانسٹینٹائن نے کہا تھا کہ ’ہماری ٹیم نے بھی ایشیا کپ میں بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا ہے۔ ہم ورلڈ کپ کے گروپ مرحلے میں رسائی حاصل کرنے کے لیے پوری قوت سے کوشش میں لگے ہیں۔ ہم ایک نئی ٹیم کھڑی کرنا چاہتے ہیں اور کھلاڑی جب تک کھیلیں گے نہیں وہ نہیں سیکھ سکیں گے۔
سٹیفن کانسٹینٹائن کے مطابق ’ہماری ٹیم دیگر مختلف ٹیموں کے خلاف کھیلنے کا سوچ رہی تھی۔ ہمارے کھلاڑیوں میں تجربے کی کمی ہے، اس وقت میری ساری توجہ ایشین کوالیفائرز اور ساف کپ پر مرکوز ہے۔ میں پاکستان کی بہترین فٹبال ٹیم دیکھنا چاہتا ہوں اور اس سلسلے میں بہترین نتائج کے لیے ملکی سطح پر فٹبال لیگ کا انعقاد ضروری ہے۔
پاکستان اور اردن کے درمیان دوسرا میچ 26 مارچ کو اردن میں شیڈول ہے۔

شیئر: