Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چیمپئنز ٹرافی 2025، آئی آئی سی ٹیم کا جائزے کے لیے پاکستان کا دورہ

آئی سی سی کی جائزہ ٹیم کراچی سے اپنا دورہ مکمل کرکے لاہور پہنچے گی (فوٹو: پی سی بی)
دنیائے کرکٹ کا بڑا ایونٹ چیمپئنز ٹرافی فروری 2025 میں پاکستان میں منعقد ہو گا جس کی میزبانی پاکستان کرے گا۔
عالمی ایونٹ سے قبل ملک کے سٹیڈیمز اور ہوٹلز کا جائزہ لینے ان دنوں آئی سی سی کا وفد پاکستان میں موجود ہے۔ پہلے مرحلے میں جائزہ ٹیم نے کراچی کے نیشنل سٹیڈیم اور شہر کے نامور ہوٹلز کا جائزہ لیا ہے۔
سینیئر مینیجر و ایونٹ آپریشنز سارا ایڈگر اور منیجر عون پر مشتمل آئی سی سی کے دو رکنی وفد نے پیر کے روز کراچی نیشنل سٹیڈیم کا دورہ کیا۔
جائزے کے لیے آنے والی ٹیم کو پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر نے کراچی میں کرکٹ میچز کے انعقاد کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ پی سی بی کی جانب سے جائزہ ٹیم کو نیشنل سٹیڈیم کے میدان، کھلاڑیوں کے بیھٹنے کی جگہ ڈریسنگ روم، انتظامی امور کی دیکھ بھال کرنے والوں کا آفیشلز روم، میچ کی کوریج کے لیے آنے والے صحافیوں کے بیٹھنے کی جگہ میڈیا باکس، چیئرمین باکس اور گیلری کا تفصیلی دورہ کیا گیا اور صورتحال کو دیکھتے ہوئے جائزہ ٹیم نے اپنے پوائنٹس نوٹ کیے۔
واضح رہے کہ آئی سی سی کی جانب سے تین رکنی وفد نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 سے قبل کرکٹ گراؤنڈز کی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد انٹر نیشنل کونسل کو رپورٹ پیش کرنی ہے۔ ٹیم کے دو افراد نے کراچی میں گراؤنڈ کا معائنہ کیا ہے جبکہ وفد کے تیسرے رکن کرس ٹیٹلے کراچی نہیں پہنچے ہیں، وہ راولپنڈی اور لاہور کے میدانوں کے دورے کے موقع پر جائزہ ٹیم کو جوائن کریں گے۔
آئی سی سی کی جائزہ ٹیم کراچی سے اپنا دورہ مکمل کرکے لاہور پہنچے گی جہاں قذافی سٹیڈیم میں انتظامات کا جائزہ لیا جائے گا۔
اس سے قبل چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے بھی ملک کے کئی سٹیڈیمز کا دورہ کیا ہے، اور گراؤنڈز میں بہتری کے لیے اقدامات کا آغاز کر دیا ہے۔
پاکستان سپر لیگ سیزن 9 کے موقع پر چیئرمین پی سی بی نے کراچی سمیت ملک کے کئی میدانوں کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ لینے کے بعد گراؤنڈز کا دورہ کیا تھا اور حکام کو ہدایات جاری کی گئی تھی کہ سٹیڈیمز کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات کریں۔
بڑے ایونٹ کی تیاریاں تو ملک بھر میں زور و شور سے جاری ہیں، ملک کے انٹرنیشنل سٹیڈیمز میں جلد ہی تزئین و آرائش کا کام بھی ہونے جا رہا ہے۔
پاکستان میں بسنے والے شائقین کی نظریں روایتی حریف پاکستان اور انڈیا کے درمیان مقابلے پر لگی ہیں، ابھی تک یہ تو واضح نہیں ہوا ہے کہ انڈیا کی ٹیم چیمپئنز ٹرافی کھیلنے کے لیے پاکستان آئے گی یا نہیں، لیکن کرکٹ سے محبت کرنے والے امید لگائے بیٹھے ہیں کہ آپسی معاملات سے بالاتر ہو کر کھیل کی اہمیت کو سمجھتے ہوئے انڈیا سمیت تمام ٹیمیں پاکستان کے میدان میں جلوہ گر ہوں گی اور اپنے ہنر کے جلوے دکھائیں گی۔
اب دیکھنا یہ ہوگا کہ انڈیا کی ٹیم اس ٹورنامنٹ میں شرکت کے لیے پاکستان آتی ہے یا نہیں۔ 

شیئر: