Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بالاج ٹیپو قتل کے ملزم اشتہاری قرار، ’پولیس تعاقب میں بیرون ملک بھی جائے گی‘

بالاج ٹیپو کو 18 فروری کو شادی کی ایک تقریب کے دوران قتل کیا گیا تھا (فوٹو: پنجاب پولیس)
صوبہ پنجاب کے شہر لاہور میں فائرنگ کا نشانہ بننے والے بالاج ٹیپو کے قتل کے ملزموں طیفی بٹ، گوگی بٹ اور بلاول کو اشتہاری قرار دے دیا گیا ہے۔
سنیچر کو مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ ایس پی آرگنائزڈ کرائم آفتاب پھلروان نے بھی اس کی تصدیق کی ہے۔
ڈی آئی جی آرگنائزڈ کرائم عمران کشور کا کہنا ہے کہ اگلے چند روز میں طیفی بٹ کی گرفتاری کے لیے پولیس کی ٹیم بیرون ملک جائے گی اور وہاں کی پولیس نے بھی تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔
گوگی بٹ کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان میں ہی روپوش ہیں اور دونوں کو عدالت اشتہاری قرار دے چکی ہے۔
ڈی آئی جی عمران کشور نے یہ بھی کہا کہ ملزموں کی لاہور میں موجود جائیداد کی قرقری کے احکامات بھی حاصل کیے جائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ بالاج قتل کیس کی تفتیش تقریباً مکمل ہو چکی ہے اور اس کے تمام تانے بانے طیفی بٹ سے ملتے ہیں۔
 خیال رہے کہ بالاج ٹیپو کو 18 فروری کو اس وقت فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا تھا جب وہ لاہور میں چوہنگ کے علاقے میں شادی کی ایک تقریب میں شریک تھے۔
بالاج ٹیپو لاہور کے انڈر ورلڈ کے سابق ڈان ٹیپو ٹرکوں والے کے بیٹے تھے۔ ان کے والد کو بھی سنہ 2010 میں لاہور ایئرپورٹ کی پارکنگ میں فائرنگ کر کے قتل کیا گیا تھا۔
بالاج شادی کی ایک تقریب میں اپنے گن مینوں کے ہمراہ موجود تھے کہ اس دوران ایک حملہ آور نے ان پر فائرنگ کر دی۔
فائرنگ سے دو افراد زخمی بھی ہوئے تھے جبکہ بالاج ٹیپو کے گن مین کی جوابی فائرنگ سے حملہ آور بھی مارا گیا تھا۔

شیئر: