Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

النماص میں تیز بارش اور ژالہ باری، گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے

طائف، خمیس مشیط اور دیگر علاقوں میں بھی بارش کی اطلاعات ہیں۔ (اخبار 24)
سعودی عرب میں موسمیات کے قومی مرکزکے ترجمان حسین القحطانی نے کہا ہے کہ عسیر ریجن کے علاقے النماص میں تیز بارش اور ژالہ باری ہوئی ہے۔
سبق اور اخبار 24 کے مطابق ترجمان نے تصدیق کی کہ ژالہ باری سے کئی گاڑیوں کے شیشے ٹوٹے جبکہ  ہیڈلائٹس کو بھی نقصان پہنچا۔
قومی مرکز کے ترجمان کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر وائرل بے بنیاد خبروں پر بھروسہ نہ کیا جائے اور موسمی صورتحال کے لیے سرکاری ذرائع سے معلومات حاصل کی جائیں۔

موسمی صورتحال کے لیے سرکاری ذرائع سے معلومات حاصل کی جائیں۔(فوٹو سبق)

ترجمان نے مزید بتایا کہ النماص کے علاوہ مملکت کے دیگر علاقوں الباحہ، طائف، خمیس مشیط اور بریدہ میں بھی بارش کی اطلاعات ہیں۔
علاوہ ازیں النماص میں شہری دفاع اور بلدیہ سمیت دیگر متعلقہ حکام نے موقع پر پہنچ کر صورتحال کو کنٹرول کیا اور سڑکوں سے اولے صاف کیے۔ بلدیاتی عملے نے مشینوں کے ذریعے صفائی کا کام تیزی سے انجام دیا۔

متاثرہ علاقوں میں اہلکار تمام وسائل کے ساتھ موجود ہیں۔ (فوٹو سبق)

 النماص گورنریٹ میں بارش اور ژالہ باری کے باعث بند سڑکیں کھولنے کے لیے بلڈوزروں کا استعمال کیا گیا۔
دوسری جانب شہری دفاع نے کہا ہے کہ بارش کے حالات کے  پیش نظر اطراف کے لوگ وادیوں اور تالابوں سے دور رہیں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
شہری دفاع کا کہنا ہے بارش سے متاثرہ علاقوں کا توجہ مرکوز ہے اور اہلکار تمام وسائل کے ساتھ موجود ہیں۔

 بارش کا سلسلہ اس ہفتے جاری رہنے کی پیشگوئی ہے۔ (فوٹو سبق)

 فیلڈ ٹیمیں بارش سے متاثر ہونے والے علاقوں میں معمولات زندگی برقرار رکھنے کےلیے کوشاں ہیں۔
موسمیات نے قومی مرکز نے ان علاقوں میں بارش کا سلسلہ اس ہفتے بھی جاری رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز روپ جوائن کریں

شیئر: