Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اہلیہ کو ٹیلی فون پر قتل کی دھمکی، ایشیائی پر تین ہزار درہم جرمانہ

تحقیقات میں ملزم نے عائد کیے گئے الزامات سے انکار کیا (فوٹو: امارات الیوم)
متحدہ عرب امارات میں دبئی کی فوجداری عدالت نے اہلیہ کو قتل کی کرنے کی دھمکی دینے پر35 سالہ ایشیائی پر 3 ہزار درھم جرمانہ عائد کیا ہے۔
امارات الیوم کے مطابق دبئی کی عدالت میں دائر ایک مقدمہ میں مدعیہ نے موقف اختیار کیا کہ اس کے شوہر کی جانب سے ٹیلی فون پر قتل کرنے کی دھمکی دی گئی ہے۔
 شوہر کے ساتھ کسی بات پراختلاف ہو گیا تھا جس کی وجہ سے ان میں عارضی علیحدگی تھی۔ شوہر نے اسے فون کیا۔ نوبت جھگڑے تک پہنچ گئی۔ شوہر نے جان سے مارنے کی دھمکی دی جسے اس کی بہن نے بھی سنا تھا۔
قبل ازیں پراسیکیوشن کی تحقیقات میں خاتون کا کہنا تھا کہ اس نے تین برس قبل شادی کی تھی مگر ان کی کوئی اولاد نہیں تھی۔
شادی کے بعد ان میں خانگی اختلافات ہوتے رہتے تھے مگر آخری اختلاف اتنا زیادہ ہوا کہ وہ شوہر کا گھر چھوڑ کر چلی گئی اور خلع کا مقدمہ دائرکردیا۔
 مقدمہ دائر کرنے کے بعد شوہر نے رابطہ کیا اور دوبارہ گھرلوٹ آنے پر اصرار کرتا رہا اس دوران اس نے غصے میں انتہائی غیرمناسب باتیں کیں جس کی گواہ اس کی بہن بھی ہے۔ تحقیقات میں اس کی گواہی خاتون کی بہن نے بھی دی جس کا کہنا تھا کہ اس کی بہن اور بہنوئی میں گزشتہ 3 ماہ سے جھگڑا تھا۔
تحقیقات میں ملزم نے عائد کیے گئے الزامات سے انکار کیا تاہم کہا کہ کچھ عرصہ قبل کسی بات پر اختلاف ہو گیا جس پر اہلیہ گھر چھوڑ کر چلی گئی۔ ملزم کا کہنا تھا کہ وہ کسی اور سے شادی کرنا چاہتی تھی۔
عدالت نے کیس کا جائزہ لینے اور دھمکی کی گواہی ملنے پر ملزم کے خلاف فیصلہ صادر کرتے ہوئے اس پر 3 ہزار درھم کا جرمانہ عائد  کیا۔

شیئر: