Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مسجد نبوی کی پارکنگ میں بیک وقت 4 ہزار گاڑیوں کی گنجائش

یہ زائرین کی آمد ورفت میں سہولت کے لیے ایک بڑا نیٹ ورک ہے۔ (فوٹو سبق)
مسجد نبوی مدینہ منورہ کے پارکنگ لاٹس کو انجینیئرنگ ڈیزائن کا ایک شاہکار بھی کہا جاتا ہے۔ یہ زائرین کی آمد ورفت میں سہولت کے لیے ایک بڑا نیٹ ورک ہے۔
خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق مسجد نبوی کے صحنوں کے نیچے دو منزلوں کے ساتھ بنے پارکنگ لاٹس اور اس کے اطراف جانے والے داخلی اور خارجی راستوں کو سڑکوں کے ایک بڑے جال سے مربوط کرکے اسے انجینیئرنگ کا شاہکار بنا دیا گیا ہے۔
مسجد نبوی کے پارکنگ لاٹس میں حفاظتی نظام اور آلات کے علاوہ 679 نئے سسٹم سے لیس کیمرے ہیں۔ جدید ترین سیکیورٹی سسٹمز لگائے گئے ہیں جبکہ 800 سے زیادہ آگ بجھانے والے آلات اور آگ سے بچاؤ کے لیے 23 ہزار کور بھی ہیں۔

مسجد نبوی میں 24 پارکنگ یونٹس موجود ہیں۔ (فوٹو ایس پی اے)

مسجد نبوی میں پارکنگ کی سہولت چاروں اطراف سے ہے۔ پارکنگ میں 24 پارکنگ یونٹس ہیں۔
ہر یونٹ میں 184 گاڑیوں کو پارک کیا جا سکتا ہے۔ 16 پارکنگ یونٹس عام افراد کے لیے مختص ہیں۔ یہ فوری ادائیگی سے مربوط ہیں باقی پارکنگ لاٹس مختلف سہولتوں کے حامل افراد (ممبران) کے لیے مختص ہیں۔
مسجد نبوی میں بیک وقت چار ہزار گاڑیاں پارک کرنے کی گنجائش ہے۔ پارکنگ کا مجموعی رقبہ ایک لاکھ 99 ہزار مربع میٹر پرمشتمل ہے۔ اس کے پانچ راستے ہیں جو مدینہ منورہ جانے والے مختلف راستوں سے اسے جوڑے ہوئے ہیں۔
پارکنگ لاٹس سے مسجد نبوی کے صحنوں تک پہنچنے کے لیے ایسکلیٹرز اور لفٹیں بھی لگی ہیں جن کے ذریعے گاڑی پارک کرنے والے افراد مسجد نبوی اور واپس پارکنگ تک آسانی سے پہنچ سکتے ہیں۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: