Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بائیکاٹ مہم، میکڈونلڈز کا اسرائیلی فرنچائز سے ریسٹورنٹس واپس خریدنے کا فیصلہ

میکڈونلڈز نے اسرائیل میں قائم 225 ریسٹورنٹس کی ملکیت واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ (فوٹو: رائٹرز)
امریکی فاسٹ فوڈ چین میکڈونلڈز نے دنیا بھر میں بائیکاٹ مہم کا سامنا کرنے کے بعد اپنی تیس سال پرانی اسرائیلی فرنچائز واپس خریدنے کا فیصلہ کیا ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق میکڈونلڈز اسرائیل میں قائم 225 ریسٹورنٹس، جن سے 5 ہزار افراد کا روزگار وابستہ ہے، ایلونیل لمیٹڈ نامی فرنچائز کے مالک سے واپس خرید رہا ہے۔
امریکی فاسٹ فوڈ چین اسرائیل کے غزہ پر حملے کے بعد  سے بائیکاٹ کا سامنا کر رہی ہے۔ اکتوبر 2023 میں اسرائیلی میکڈونلڈز کی فرنچائز الونیال نے اعلان کیا تھا کہ وہ اسرائیلی فوج کو مفت کھانا عطیہ کرے گی۔
روئٹرز کے مطابق میکڈونلڈز عالمی برانڈ ہے جس کی فرنچائز بالعموم مقامی کمپنیوں کو دیے جاتے ہیں جو آزادانہ حیثیت میں کام کرتی ہیں۔
میکڈونلڈز کے سی ای او کرس کیمپزنسکی نے جنوری میں کہا تھا کہ کہ مشرقِ وسطیٰ اور اُس سے باہر کے خطوں میں بھی میکڈونلڈز کو بائیکاٹ کے بعد شدید منفی اثرات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
انٹرنیشنل ڈیویلپمنٹل لائسنسڈ مارکیٹس کے صدر جو سیمپلز کے مطابق میکڈونلڈز اسرائیلی مارکیٹ سے جڑا رہے گا۔ چند ماہ میں ڈیل مکمل ہونے پر میکڈونلڈ ایلونیل کے ریسٹورنٹس کا نظم و نسق سنبھالے گا اور ملازمین کو برقرار رکھے گا۔
 

شیئر: