Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی ولی عہد سے مکہ میں وزیر اعظم شہباز شریف کی ملاقات

سعودی ولی عہد و وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان سے پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے ملاقات کی۔ 
ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے اتوار کو مکہ مکرمہ کے الصفا پیلس میں پاکستان کے وزیر اعظم محمد شہباز شریف کا خیرمقدم کیا۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے بحرین کے ولی عہد شہزادہ سلمان بن حمد آل خلیفہ کی موجودگی میں سعودی ولی عہد کے ساتھ افطار بھی کیا۔
بعد ازاں باضابطہ ملاقات میں ولی عہد اور شہباز شریف نے سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان تاریخی تعلقات،  دوطرفہ تعاون کے پہلووں اور مختلف شعبوں میں انہیں ترقی دینے کے طریقوں کا جائزہ لیا۔
علاوہ ازیں علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال میں ہونے والی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
پرائم منسٹر آفس سے جاری بیان میں کہا گیا کہ افطار کے بعد سعودی ولی عہد اور وزیراعظم کے درمیان ون آن ون ملاقات بھی ہوئی۔
 وزیراعظم نے سعودی حکام کی جانب سے اپنے اور وفد کے پرتپاک استقبال پر شکریہ ادا کیا۔
ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے دیرینہ برادرانہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار اور دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
اس موقع پر مکہ مکرمہ ریجن کے نائب گورنر شہزادہ سعود بن مشعل بن عبدالعزیز، وزیر مملکت اور کابینہ کے رکن شہزادہ ترکی بن محمد بن فہد بن عبدالعزیز، وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان، وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان، وزیر ثقافت شہزادہ بدر بن عبداللہ بن فرحان، قومی سلامتی کے مشیر ڈاکٹر موسی بن محمد العبیان، وزیر سرمایہ کاری انجینیئر خالد الفالح، وزیر صنعت و معدنی وسائل بندر بن الخریف، سعودی چیف آف جنرل انٹیلی جنس خالد بن علی الحمیدان اور پاکستان میں سعودی سفیر نواف المالکی بھی موجود تھے۔
پاکستان کی طرف سے وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیرخزانہ محمد اورنگزیب، وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ، وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے شرکت کی۔
خیال رہے وزیراعظم شہباز شریف عہدہ سبنھالنے کے بعد اپنے پہلے غیرملکی دورے پر سنیچر کو سعودی عرب پہنچے تھے۔ 
وزیراعظم مدینہ منورہ  پہنچے تھے جس کے بعد انہوں نے روضہ رسول پر حاضری دی تھی۔ 
اتوار کو  شہباز شریف عمرہ کی ادائیگی کے لیے مکہ مکرمہ پہنچ گئے تھے۔
وزیراعظم آفس کے میڈیاونگ سے جاری بیان کے مطابق مکہ مکرمہ کے ریلوے اسٹیشن پر پاکستان میں سعودی عرب کے سفیرنواف بن سعید المالکی نے وزیراعظم کا استقبال کیا تھا۔ 

شیئر: