Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اُمتِ مسلمہ کے مسائل کا حل اتحاد میں مضمر ہے: سیکریٹری جنرل رابطہ عالم اسلامی 

رابطہ عالم اسلامی کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسی نے کہا ہے کہ امت کے تمام مسائل کا حل اتحاد میں مضمر ہے۔ 
وہ بدھ کو اسلام اباد کی فیصل مسجد میں نمازِ عید کے بڑے اجتماع سے خطبہ عید دے رہے تھے۔ 
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع تاریخی فیصل مسجد میں ہوا۔ جس میں ہزاروں کی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی۔ مسجد کا اندرونی ہال، بیرونی احاطہ بھر جانے کے باوجود لوگوں کی آمد کا سلسلہ جاری رہا۔ 
اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ مسجد کو جانے والے راستوں پر سیکیورٹی چیک پوسٹ، پارکنگ اور داخلے کے وقت سیکیورٹی اہلکار مسلسل نگرانی کرتے نظر آئے جبکہ مسجد میں داخلے کے لیے واک تھرو گیٹ نصب کیے گئے تھے۔ 
نمازِ عید کا وقت اگرچہ آٹھ بجے تھا لیکن لوگوں کی امد کا سلسلہ صبح ہی شروع ہو گیا اور نماز کے وقت تک جاری رہا۔ 
عید کی نماز مقررہ وقت آٹھ بجے ادا کی گئی جس کے بعد رابطہ عالم اسلامی کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر محمد بن عبد الکریم العیسیٰ نے عید کا خطبہ دیا۔
اپنے خطبے میں ان کا کہنا تھا کہ امت کی کامیابی کا راز اتحاد میں ہے۔ ’اس اتحاد اور محبت کی بنیاد اپنے گھروں سے کیجیے۔ اپنے اہل خانہ سے محبت اور احترام کے ساتھ ساتھ اپنی اولاد کی اچھی تربیت کیجیے۔‘
انھوں نے کہا کہ ’لوگو، اللہ کے لیے ایک دوسرے سے محبت کرو۔ یہ اللہ کا حکم بھی ہے اور اللہ کے رسول نے باہمی محبت کا درس دیا ہے۔‘
انہوں نے خطبے میں غزہ کے مظلوم مسلمانوں کے لیے دعا کی اور کہا کہ اللہ تعالی ان کی مدد فرمائے اور مسلمانوں کو بھی حکمت، دانائی اور دعاؤں کے ذریعے فلسطین کے لوگوں کی مدد کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ 
رابطہ عالم اسلامی کے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ ’اللہ کا لاکھ لاکھ شکر ہے کہ اس نے ہمیں رمضان جیسی نعمت سے نوازا اور ہم نے اس رمضان میں گناہوں سے بچنے اور باہمی یگانگت کا بھرپور مظاہرہ کیا۔ ہمیں اپنی باقی زندگی کو بھی ایسے ہی گزارنے کی کوشش کرنی چاہیے جیسے ہم رمضان گزارتے ہیں۔‘
قران اور احادیث کے حوالے دیتے ہوئے ڈاکٹر عیسی کا کہنا تھا کہ انسان کی حرمت اللہ اور اس کے رسول کے نزدیک بہت زیادہ ہے اس لیے ہمیں اپنے باہمی میل جول روابت اور تعلق داریوں میں انسان کے احترام جذبات اور احساسات کو بالکل بھی نظر انداز نہیں کرنا چاہیے۔ 
انہوں نے کہا کہ انسانی معاشرے کی بنیادی اکائی خاندان ہے اور اسلامی نظام میں خاندان کو بہت اہمیت حاصل ہے۔ اس لیے ہمیں اپنے گھروں میں اہل خانہ اور بچوں کے ساتھ بہترین سلوک اور احترام کا رویہ اختیار کرنا چاہیے۔ اگر والدین اولاد کی بہترین تربیت کریں گے تو اس سے ایک بہترین اسلامی معاشرہ تشکیل پائے گا۔ 
فیصل مسجد کے خطیب مولانا ضیاء الرحمن نے رابطہ عالم اسلامی کے سیکریٹری جنرل کی عید کے موقع پر پاکستان میں موجودگی اور خطبہ عید کو پاکستان اور پاکستانی عوام کے لیے خوش قسمتی قرار دیتے ہوئے کہا کہ حج کے امام اور خطیب کا پاکستان میں عید کے موقع پر موجود ہونا ان کی پاکستان اور پاکستان کے عوام کے ساتھ والہانہ محبت کا اظہار ہے۔ 
نماز عید کے اجتماع میں شریک شہریوں نے بھی ڈاکٹر عیسی کے خطبہ کو پسند کیا اور انہوں نے کہا کہ رابطہ عالمی اسلامی کے سیکریٹری جنرل نے انتہائی مدلل انداز میں امت مسلمہ کو حسن اخلاق میانہ روی اور بہترین اسلامی قدروں کی تلقین کی ہے۔ 
نماز عید کے اجتماع کے اختتام پر ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسی نے خصوصی دعا کی۔ 
دریں اثنا حکومت کے ایک ترجمان محمد عمر بٹ نے عرب نیوز کو بتایا کہ ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسٰی عید کی نماز کے بعد ورلڈ مسلم لیگ کے تحت چلنے والے یتم خانے کا دورہ کریں گے۔
منگل کو ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسی نے صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات کی تھی۔
عمر بٹ نے بتایا کہ ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسی اپنے نو روزہ دورے کے دوران پاکستان کے صدر وزیراعظم، وزیرمذہبی امور سمیت اعلی حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔
پاکستان کے نو روزہ دورے پر آئے ہوئے رابطہ عالم اسلامی کو سیکریٹری جنرل عید کا دن ادارے کے زیر اہتمام چلنے والے یتیم بچوں کے سکول اور ہاسٹل دار علی بن ابی طالب میں مقیم یتیم بچوں کے ساتھ گزاریں گے۔ 
اپنے دورے کے دوران وہ صدر مملکت، وزیراعظم سمیت اعلٰی سیاسی اور مذہبی رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ 
ڈاکٹر عیسی پاکستان میں سیرت النبی میوزیم کے افتتاح کے ساتھ ساتھ نوجوان حفاظ کے قرت کے مقابلے میں بھی شرکت کریں گے اور انہیں اعزازات سے نوازیں گے۔ 

شیئر: