Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کراچی سے شاہ نورانی جانے والا ٹرک کھائی میں جا گرا، ہلاکتوں کی تعداد 17 ہو گئی

زائرین ضلع ٹھٹھہ سے بلوچستان میں واقع شاہ نورانی کے مزار جا رہے تھے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
بلوچستان میں ضلع حب کے علاقے شاہ نورانی میں ویراب کے مقام پر زائرین کی گاڑی کھائی میں گرنے سے 17 افراد ہلاک جبکہ 52 زخمی ہوئے ہیں۔
اسسٹنٹ کمشنر احمد ولی طلحہ کے مطابق حادثہ بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب کو حب کی تحصیل دریجی میں پیش آیا جب زائرین سے بھرا ٹرک ڈرائیور سے بے قابو ہوکر گہری کھائی میں جا گرا-
ٹرک میں 60 سے زائد افراد سوار تھے جو سندھ کے ضلع ٹھٹھہ سے بلوچستان میں واقع شاہ نورانی کے مزار جا رہے تھے۔
حادثے میں ہلاک اور زخمی ہونے والے افراد میں سے بیشتر آپس میں رشتہ دار ہیں۔
لاشوں اور زخمیوں کو حب اور کراچی کے ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعلٰی بلوچستان سرفراز بگٹی نے حادثے میں قیمتی جانی نقصان پر گہرے دُکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
ترجمان بلوچستان حکومت کے مطابق جام غلام قادر ہسپتال حب میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے جبکہ کمشنر قلات اور ڈی سی حب کو ہنگامی اقدامات اٹھانے کی ہدایات جاری کی ہیں۔
 
 وزیر اعلی بلوچستان نے شدید زخمیوں کو کراچی منتقل کرنے کے لیے سندھ حکومت سے رابطے کی ہدایت کی ہے۔

شیئر: