Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ایشیائی بینک کی رپورٹ حکومت کی درست اقتصادی پالیسیوں کی توثیق ہے‘

وفاقی وزیر احد چیمہ کے مطابق حکومت اے ڈی بی کی سفارشات پر عمل کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ (فائل فوٹو)
وفاقی وزیر اقتصادی امور احد چیمہ نے ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) کی ایشین ڈیویلپمنٹ آﺅٹ لُک رپورٹ اپریل 2024 کو حکومت کی درست اقتصادی پالیسیوں کی توثیق قرار دے دیا۔
جمعے کو ایک بیان میں وفاقی وزیر اقتصادی امور احد چیمہ نے کہا ہے کہ آوٹ لُک رپورٹ 2024 میں پاکستان کی معیشت کے بارے میں خوش آئند امکانات کا اظہار کیا گیا ہے۔
’ایشیائی ترقیاتی بینک کی رپورٹ حکومت کی درست اقتصادی پالیسیوں کی مضبوط توثیق ہے۔‘
جمعرات کو شائع ہونے والی اے ڈی بی کی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ ترقی کا سلسلہ رواں مالی سال کے دوران بھی سست روی کا شکار رہے گا تاہم اصلاحات متعارف ہونے کی صورت میں آئندہ سال شرح نمو میں تیزی آ سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں ہم نے ایک مستحکم اور پائیدار معیشت کے لیے کام شروع کر دیا ہے۔ ملک میں مہنگائی کم ہو رہی ہے، اس کی تصدیق عالمی مالیاتی ادارے بھی کر رہے ہیں۔‘
وفاقی وزیر اقتصادی امور نے کہا کہ ’ہم مالی نظم و ضبط کو بہتر بنانے، سرمایہ کاری کے فروغ اور کاروباری ماحول کو آسان بنانے کے لیے کام کر رہے ہیں۔‘
ہماری پچھلی 16 ماہ کی حکومت میں ملک کی معاشی طور پر مستحکم بنانے کے لیے ضروری اقدامات اٹھائے گئے۔ ہم نے ملک کو ڈیفالٹ سے بچایا، ہمارے معاشی اقدامات سے روپے کی قدر مستحکم ہوئی۔‘
ان کے مطابق حکومت اے ڈی بی کی سفارشات پر عمل کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ ’ہم ایک ایسی معیشت بنانے کے لیے کام جاری رکھیں گے جس میں تمام پاکستانیوں کے لیے مواقع دستیاب ہوں گے۔‘

اے ڈی بی نے کہا ہے کہ اصلاحات متعارف ہونے کی صورت میں آئندہ سال شرح نمو میں تیزی آ سکتی ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)

ایشیائی ترقیاتی بینک نے اپنی سالانہ رپورٹ میں کہا تھا کہ پاکستان کی معاشی صورتحال غیریقینی کا شکار ہے جبکہ مہنگائی پانچ دہائیوں کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔
رواں مالی سال کے دوران مجموعی گھریلو پیداوار (جی ڈی پی) میں ایک اعشاریہ 9 فیصد کا اضافہ متوقع ہے بشرطیکہ نجی شعبے میں سرمایہ کاری کے ساتھ ساتھ اصلاحات کی جائیں اور مستحکم حکومت قائم رہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ توانائی کی قیمتوں میں اضافے کے باعث مالی سال 2024 میں مہنگائی کی شرح 25 فیصد رہے گی تاہم آئندہ سال اس میں کمی آنے کی توقع ہے۔

شیئر: