Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستانی کرکٹر ناصر جمشید کی سپاٹ فکسنگ کرنے پر معافی

پاکستان کرکٹ ٹیم کے بیٹر ناصر جمشید نے سپاٹ فکسنگ کرنے کے جرم پر معافی مانگ لی ہے۔
ناصر جمشید نے اتوار کو سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر پوسٹ میں اپنے کیریئر کو خراب کرنے کی غلطی کا اعتراف کر لیا اور معافی مانگ لی۔
ناصر جمشید نے پوسٹ میں ویڈیو بھی شیئر کی جس میں وہ اپنی بیٹی کو کرکٹ پریکٹس کروا رہے ہیں۔
انہوں نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’میں نے جو اپنے کیریئر کے ساتھ کیا، اُس پر میں خود کو معاف نہیں کر سکوں گا اور میں اُس پر معافی مانگتا ہوں لیکن میں اپنا ٹیلنٹ اپنی بیٹی میں منتقل کرنے کی کوشش کروں گا اور اسے بہترین موقع دوں گا۔‘
ناصر جمشید پر پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) اور بنگلہ دیش پریمیئر لیگ (بی پی ایل) میں سپاٹ فکسنگ کرنے کے جرم میں 10 سال کی پابندی لگا دی گئی تھی۔
انہوں نے کرکٹ کو کرپشن سے آلودہ کرنے کے جرم میں برطانیہ میں 17 ماہ قید بھی کاٹی۔
ناصر جمشید نے سنہ 2008 میں زمبابوے کے خلاف کراچی میں کھیلے گئے ون ڈے میچ سے پاکستانی ٹیم کے لیے ڈیبیو کیا تھا۔
 
انہوں نے پاکستانی ٹیم کے لیے دو ٹیسٹ، 48 ون ڈے اور 18 ٹی20 میچز کھیلے جس میں انہوں نے بالترتیب 51، 1418 اور 363 رنز بنائے۔
بائیں ہاتھ کے بیٹر کو 2012 میں انڈیا کے خلاف انڈیا میں کھیلی گئی ون ڈے سیریز سے خوب شہرت حاصل ہوئی جہاں انہوں نے لگاتار دو ون ڈے میچوں میں سینچری سکور کی۔
ناصر جمشید نے ون ڈے کرکٹ میں مجموعی طور پر تین سینچریاں سکور کیں۔ انہوں نے تینوں سینچریاں روایتی حریف انڈیا کے خلاف سکور کیں۔
ناصر جمشید نے آخری مرتبہ قومی ٹیم کی نمائندگی چار مارچ 2015 کو آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں یو اے ای کے خلاف کھیلے گئے گروپ میچ میں کی جس کے بعد وہ پاکستان کرکٹ سے مکمل طور پر باہر ہو گئے۔    

شیئر: