Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عالمی رہنماؤں کا ایران اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی میں کمی پر زور

عالمی رہنماؤں نے خطے میں مزید عدم استحکام سے بچنے کے لیے تحمل پر زور دیا (فوٹو: روئٹرز)
فرانسیسی صدر ایمانوئل میکخواں، برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ کیمرون اور یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے سربراہ سمیت عالمی رہنماؤں نے ایران کے ناکام حملے کے بعد اسرائیل پر مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کو روکنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق عالمی رہنماؤں نے خطے میں مزید عدم استحکام سے بچنے کے لیے تحمل اور عقلی بنیادوں پر فیصلہ سازی پر زور دیا۔
یورپی یونین کے وزیر خارجہ جوزف بوریل نے کہا کہ مشرق وسطیٰ جنگ کے دہانے پر کھڑا ہے۔ انہوں نے اسرائیل اور ایران کے درمیان تنازع میں کمی پر زور دیا۔
یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے سربراہ جوزف بوریل نے ہسپانوی ریڈیو اسٹیشن اونڈا سیرو کو بتایا کہ ’ہم کنارے پر ہیں اور ہمیں اس سے دور جانا ہوگا۔ ہمیں بریک اور ریورس گیئر پر پاؤں رکھنا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ وہ ایران کے فضائی حملے پر اسرائیل کی طرف سے جواب کی توقع رکھتے ہیں لیکن امید کرتے ہیں کہ یہ مزید کشیدگی کو جنم نہیں دے گا۔
جوزف بوریل نے کہا کہ اسرائیل کے دائیں بازو کے حکومتی اتحاد کے اندر سخت گیر اور معتدل دھڑے کے درمیان گہری تقسیم ہے۔
جوزف بوریل جنہوں نے اتوار کو ایرانی وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان کے ساتھ بات چیت کی، نے کہا کہ متنازع جوہری پروگرام اور دیگر معاملات کی وجہ سے ایران پر عائد پابندیوں کے باوجود یورپی یونین کو اس کے ساتھ بہترین تعلقات قائم رکھنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’یہ سب کے مفاد میں ہے کہ ایران جوہری طاقت نہ بنے اور مشرق وسطیٰ میں امن ہو۔‘

اسرائیل دماغ سے ہی نہیں دل سے بھی سوچے: ڈیوڈ کیمرون

برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ کیمرون نے اسرائیل پر زور دیا ہے کہ وہ ایران کے ڈرون اور میزائل حملے کے بعد جوابی کارروائی نہ کرے اور اس معاملے میں ’دماغ سے ہی نہیں دل سے سوچنا چاہیے۔‘

ڈیوڈ کیمرون نے اسرائیل پر زور دیا ہے کہ وہ ایران کے ڈرون اور میزائل حملے کے بعد جوابی کارروائی نہ کرے (فوٹو: اے ایف پی)

برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق ڈیوڈ کیمرون نے بی بی سی ٹی وی کو بتایا کہ ’میرے خیال میں وہ یہ سوچنے میں بالکل حق بجانب ہیں کہ انھیں جواب دینا چاہیے کیونکہ ان پر حملہ کیا گیا ہے۔ لیکن ہم بطور دوست ان پر زور دے رہے ہیں کہ وہ دماغ کے ساتھ دل سے بھی سوچیں۔‘
انہوں نے کہا کہ وہ اسرائیل پر زور دے رہے ہیں کہ وہ مشرق وسطیٰ میں کشیدگی میں اضافہ نہ کرے۔
ڈیوڈ کیمرون نے سکائی نیوز کو بتایا کہ ’کئی طرح سے یہ ایران کے لیے دوہری شکست ہے۔ یہ حملہ تقریباً مکمل طور پر ناکامی تھی لہذا ہم پرامید ہیں کہ جوابی ردعمل ظاہر نہیں کیا جائے گا۔‘
انہوں نے کہا کہ برطانیہ ایران پر مزید پابندیاں لگانے کے لیے اتحادیوں کے ساتھ کام کرے گا۔
فرانسیسی صدر ایمانوئل میکخواں نے پیر کو کہا کہ فرانس مشرق وسطیٰ میں کشیدگی سے بچنے کے لیے ہر ممکن تعاون کرے گا۔
انہوں نے بی ایف ایم ٹی وی نیوز چینل کو بتایا کہ ’کئی برسوں سے ہمارے پاس دہشت گردی کے خلاف جنگ کے لیے اردن میں ایک فضائی اڈہ موجود ہے۔
’اردن کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی گئی، ہم نے اپنے طیاروں کو ٹیک آف کیا اور ہم نے جس چیز کو روکنا تھا اسے روک دیا۔‘

شیئر: