Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض اور مشرقی ریجن میں گرد و غبار کا طوفان، سکول بند

’گرد وغبار کے شدید طوفان کے باعث بعض شہروں میں متعدد مرتبہ بجلی کا تعطل ہوگیا‘ ( فوٹو: سبق)
غیر یقینی موسمی صورتحال اورگرد وغبار کے طوفان کے باعث سعودی عرب کے متعدد شہروں میں آج منگل کو سکول بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق مشرقی ریجن کے کئی شہروں میں گرد وغبار کا شدید طوفان ہے جس کے باعث بعض شہروں میں متعدد مرتبہ بجلی کا تعطل ہوگیا۔
ادھر مشرقی ریجن میونسپلٹی نے احتیاطی تدابیر کے طور پر کنگ فہد شاہراہ پر واقع تمام انڈر پاسز کو ٹریفک کے لیے بند کردیا ہے۔
ریاض محکمہ تعلیم نے اعلامیہ میں کہا ہے کہ ’غیر یقینی موسمی صورتحال کے باعث شقرا، المجمعہ، الزلفی، الغاط، الدوادمی اور عفیف کے علاوہ گرد ونواح کے دیہی علاقوں میں آج سکول بند رہیں گے‘۔
محکمہ تعلیم نے کہا ہے کہ ’مذکورہ تمام علاقوں میں تدریسی عمل آن لائن ہوگا‘۔
اسی طرح کا اعلامیہ محکمہ تعلیم مشرقی ریجن نے بھی جاری کیا ہے جس میں ریجن کے تمام شہروں کے سکولوں کو بند اور آن لائن تعلیم جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
دریں اثنا شقرا، مرات، سدیر اور ریاض کے شمال میں واقع تمام علاقوں میں پیر اور منگل کی درمیانی شب گرد و غبار کا شدید طوفان رہا ۔
محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ گردو غبار کے طوفان کا رخ ریاض شہر کی طرف ہے۔
 

شیئر: