Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب کے پہلے گرینڈ اوپیرا کے لیے تیاریاں مکمل

کنگ فہد کلچرل سینٹر میں اوپیرا 25 اپریل سے 4 مئی تک جاری رہے گا۔ فوٹو عرب نیوز
ریاض کے کنگ فہد کلچرل سینٹر میں 25 اپریل کو عرب گرینڈ اوپیرا ’زرقا الیمامہ‘  کی پہلی پرفارمنس کے لیے تیاریاں مکمل ہو چکی ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق عربی زبان میں گرینڈ اوپیرا نایاب سمجھا جا رہا ہے کیونکہ زیادہ تر اوپیرا یورپی زبانوں میں پرفارم کیے گئے ہیں۔
کنگڈم تھیٹر اینڈ پرفارمنگ آرٹس کمیشن کے زیرِاہتمام یہ تقریب وزیر ثقافت شہزادہ بدر بن عبداللہ بن فرحان کی سرپرستی میں منعقد ہو گی۔
اوپیرا کی اعلیٰ فنکارانہ پرفارمنس کو مدنظر رکھتے ہوئے اسے تیزی سے متحرک سعودی ثقافتی منظر نامے میں ایک اہم موڑ سمجھا جا رہا ہے۔
سعودی موسیقی کے ساتھ مل کر اوپیرا روایت سے متاثر ’زرقا الیمامہ‘ سامعین کی دلچسپی کے لیے معروف نغموں اور موسیقی پر مبنی ہے۔  
اوپیرا میں افسانوی کردار ’زرقا الیمامہ‘ کی کہانی ہے جو قبل از اسلام  دور میں نجد کے الیمامہ علاقے میں قیام پذیر تھی اور اپنے اور دوسرے قبیلے کے درمیان ہونے والے تنازعے میں پھنس گئی تھی جس کا انجام سانحے پر مبنی تھا۔
اوپیرا کے پروڈیوسر نے اس کہانی کو دلکش سسپنس کے ساتھ دردناک سانحہ کے طور پر پیش کیا ہے، جس میں مسحور کن گانوں کی پرفارمنسز ہیں اور یہ ایک منفرد ثقافتی تجربہ ہوگا۔

سعودی گلوکارہ ریماز عقبی بھی اوپیرا میں پرفارم کریں گی۔ فوٹو ایکس

تھیٹر اینڈ پرفارمنگ آرٹس کمیشن کے سی ای او سلطان البازعی نے بتایا ہے کہ اوپیرا سعودی ورثے کے اندر ایک معروف کہانی پیش کرتا ہے جو جدید فنکارانہ رجحان اور سامعین کی توقعات کی عکاسی ہے۔
اوپیرا کے سٹیج پر سعودی اور بین الاقوامی فنکار پرفارم کریں گے ، زرقا کی تاریخی کہانی سے متاثر ہو کر شاعری اور ڈراموں میں مقامی اور بین الاقوامی اعزاز حاصل کرنے والے سعودی شاعر صالح زمانان نے بھی الفاظ لکھے ہیں۔
سعودی گلوکارہ سوسن البھیتی، ریماز عقبی اور خیران الزھرانی اوپیرا میں پرفارم کریں گے جو مملکت میں موسیقی جیسی تفریح ​​کی ترقی میں پیش رفت کی علامت ہے۔
سوسن البھیتی نے بتایا کہ ’اوپیرا میں پیش کیا جانے والا میرا کردار اہم منظرنامے  کا حصہ ہے جہاں کہانی مزید سنسنی خیز واقعات کی جانب اہم موڑ لے گی۔‘

سوسن البھیتی اوپیرا کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ فوٹو عرب نیوز

پہلی سعودی اوپیرا گلوکارہ سمجھی جانے والی سوسن البھیتی اوپیرا کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں اور ’زرقا الیمامہ‘ ان کی ناقابل یقین آواز کی صلاحیتوں کا تازہ ترین ثبوت ہے۔
سعودی گلوکارہ نے بتایا کہ ’2008 میں اوپیرا گلوکار کے طور پر تربیت کا آغاز کیا تو عربی زبان میں گائے جانے والے اصل سعودی اوپیرا پروڈکشن کا خواب دیکھا تھا۔‘
’آخرکار یہ دن آ گیا ہے اور میری توقع سے پہلے آ گیا ہے جس سے مجھے اور بھی بہت خوشی ہو رہی ہے۔‘
کنگ فہد کلچرل سینٹر میں اوپیرا ’زرقا الیمامہ‘ 25 اپریل سے 4 مئی تک جاری رہے گا جس میں 10 پرفارمنسز دکھائی جائیں گی۔

شیئر: