Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی وزیرخارجہ کے دورے پر شکرگزار، منصوبوں کی نگرانی خود کروں گا: وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ’سعودی عرب نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کی‘ (فائل فوٹو: پی ایم او)
پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ’سعودی وفد کا وزیرِخارجہ کی قیادت میں دورہ پاکستان، پاکستان میں سعودی سرمایہ کاری اور تجارتی و سٹریٹجک شراکت داری کے نئے دور کا آغاز ہے۔‘
وزیراعظم ہاؤس سے جمعرات کو جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف ’سعودی ولی عہد عزت مآب شہزادہ محمد بن سلمان کے بے حد شکرگزار ہیں کہ ان کی خصوصی توجہ کی بدولت پاکستان سعودیہ عرب سرمایہ کاری و تجارتی تعلقات کے نئے دور کا آغاز ممکن ہوا۔‘
وزیرِاعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں سعودی وفد کے حالیہ دورہ پاکستان اور مختلف شعبوں میں سعودی سرمایہ کاری کے حوالے سے اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نے کہا کہ ’سعودی سرمایہ کاری سے منصوبوں کی تکمیل کی خود نگرانی کروں گا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’سعودی وفد کے دورہ پاکستان کو دونوں ممالک کے لیے باہمی طور پر مفید شراکت داری میں بدلنے کے لیے تیاری پر وفاقی وزراء، ایس آئی ایف سی اور متعلقہ افسران کی کوششیں قابلِ ستائش ہیں۔‘
’بین الاقوامی سرمایہ کاری کے منصوبوں کو پایۂ تکمیل تک پہنچانے کے لیے عالمی شہرت یافتہ ماہرین کی خدمات لی جائیں۔ سرمایہ کاری کے منصوبوں کے حوالے سے کسی بھی قسم کی لاپرواہی قبول نہیں۔ فرسودہ طریقہ کار اور سرخ فیتہ بالکل نہیں چلے گا۔‘
وزیراعظم نے مزید کہا کہ سعودی عرب کی جانب سے جلد معروف  کاروباری شخصیات پر مشتمل ایک وفد  کی پاکستان آمد متوقع ہے، جو خوش آئند امر ہے۔ عالمی اقتصادی فورم کے موقع پر آئندہ دورہ سعودی عرب کے دوران سرمایہ کاری کے مزید مواقع کو حتمی شکل دی جائے گی۔‘
انہوں نے کہا ’پاکستان اور سعودی عرب دیرینہ برادر ممالک ہیں۔ سعودی عرب نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کی۔ مجھ سمیت پوری قوم خادم الحرمین شریفین عزت مآب سلمان بن عبد العزیز آل سعود اور ولی عہد محمد بن سلمان کی پاکستان کے ساتھ تعاون اور شراکت داری کے فروغ میں گہری دلچسپی پر مشکور ہے۔

شیئر: