Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلا ٹی20 میچ بارش کے باعث بغیر کسی نتیجے کے ختم

بارش رکنے کے بعد صرف دو گیندوں کا کھیل ہی ممکن ہو سکا (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پانچ ٹی20 میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ بارش کے باعث بغیر کسی نتیجے کے ختم کر دیا گیا۔
جمعرات کو راولپنڈی میں دونوں ٹیموں کے درمیان میچ کا ٹاس پہلے بارش کے باعث تاخیر کا شکار رہا اور پھر کھیل کو فی اننگز پانچ اوورز تک ہی محدود کر دیا گیا۔
بارش رکنے کے بعد صرف دو گیندوں کا کھیل ہی ممکن ہو سکا۔
نیوزی لینڈ نے 0.2 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 2 رن بنائے۔
اننگز کی دوسری گیند پر ٹم روبنسن شاہین شاہ آفریدی کے ہاتھوں صفر کے سکور پر بولڈ ہوگئے۔
اس میچ میں پاکستان کی جانب سے عرفان خان نیازی، ابرار احمد اور عثمان خان جبکہ نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم روبنسن نے اپنے ٹی20 انٹرنیشنل ڈیبیو کیا۔۔
اس میچ سے قبل پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں اب تک مجموعی طور پر 39 مرتبہ ٹی20 کرکٹ میں آمنے سامنے آ چکی تھیں جس میں 21 مرتبہ پاکستان اور 17 مرتبہ نیوزی لینڈ کو جیت حاصل ہوئی۔
یہ کیوی ٹیم کا گزشتہ 17 ماہ میں پاکستان کا تیسرا دورہ ہے۔
اس سے قبل کیوی ٹیم دسمبر 2022 میں دو ٹیسٹ اور تین ون ڈے میچوں کے لیے پاکستانی آئی تھی۔
اس کے بعد اپریل 2023 میں کیوی ٹیم نے پانچ ٹی20 اور پانچ ون ڈے میچوں کے لیے پاکستان کا دورہ کیا تھا۔
خیال رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان سیریز کا دوسرا ٹی20 میچ 20 اپریل کو راولپنڈی میں ہی کھیلا جائے گا۔
پاکستان کی پلیئنگ الیون
اس میچ کے لیے پاکستان کی پلیئنگ الیون میں بابر اعظم (کپتان)، صائم ایوب، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، عثمان خان، افتخار احمد، عرفان خان ںیازی، شاداب خان، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، محمد عامر اور ابرار احمد شامل تھے۔
نیوزی لینڈ کی پلیئنگ الیون
اس میچ کے لیے نیوزی لینڈ کی پلیئنگ الیون میں ٹم سائفرٹ (وکٹ کیپر)، ٹم روبنسن، ڈین فوکس کروفٹ، مارک چیپ مین، جیمز نیشم، مائیکل بریسویل (کپتان)، جوش کلارکسن، اِش سوڈھی، جیکب ڈفی، بین سیئرز اور بین لِسٹر شامل تھے۔ 

شیئر: