Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لوڈنگ ٹرک اور بسوں کا خود کار چالان سسٹم، اتوار سے آغاز

کیمروں سے گاڑی کی نمبر پلیٹ کے ذریعے ڈیٹا حاصل کیا جاتا ہے۔ ( فوٹو: سبق)
سعودی ٹرانسپورٹ جنرل اتھارٹی کا کہنا ہے کہ لوڈنگ ٹرکس اور بسوں کے لیے دی گئی مہلت ختم ہو رہی ہے۔ اتوار 21 اپریل سے خود کار سسٹم کے ذریعے چالان کا آغاز کیا جا رہا ہے۔
سبق نیوز کے مطابق اتھارٹی نے ٹرانسپورٹ سروسز سے منسلک اداروں کو تین زمروں میں تقسیم کیا تھا جن میں ٹیکسی سروس کے لیے 13 مارچ 2022 کی ڈیڈ لائن دی گئی تھی۔
دوسرے زمرے میں اسکول بسوں کے لیے مرتب قوانین پرعمل درآمد کےلیے یکم فروری 2023 کی ڈیڈ لائن تھی۔
 تیسرا مرحلہ لوڈنگ ٹرکس اور بڑی بسوں کا تھا جس کا آغاز 21 اپریل 2024 سے کیا جا رہا ہے۔
ٹرانسپورٹ اتھارٹی کا کہنا تھا ایسے ٹرک اور بسیں جو روڈ پرمٹ کے بغیر یا ایکسپائر پرمٹ کے علاوہ ایسی ہیوی گاڑیاں جن کے استعمال کی انتہائی حد مکمل ہو چکی ہو انہیں روڈ پر لانے کی صورت میں خود کارچالان سسٹم کے ذریعے خلاف ورزی ریکارڈ کی جائے گی۔
واضح رہے مملکت میں ٹریفک قوانین کو منظم کرنے اور ضوابط پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے شاہراہوں پر ساھر سسٹم موجود ہے جو انتہائی حساس کیمروں پر مشتمل ہے۔
حساس کیمروں کے ذریعے سڑک پر موجود گاڑی کی نمبر پلیٹ کے ذریعے اس کا مکمل ڈیٹا حاصل کر لیا جاتا ہے۔
اگرگاڑی کے مالک کی جانب سے مقررہ ضوابط کی خلاف ورزی کی گئی ہو تو فوری طور پر خود کار سسٹم سے چالان مالک کے موبائل پرارسال کر دیا جاتا ہے۔

شیئر: