Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض 28 اپریل کو ورلڈ اکنامک فورم کے خصوصی اجلاس کی میزبانی کےلیے تیار

اجلاس کا سلوگن ’ترقی کے لیے عالمی تعاون اورتوانائی‘ منتخب کیا گیا (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز کی زیر سرپرستی ریاض میں ورلڈ اکنامک فورم کا خصوصی دو روزہ اجلاس 28 اور 29 اپریل کو ہو گا۔
سرکاری خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق اجلاس کا سلوگن ’ترقی کے لیے عالمی تعاون اورتوانائی‘ منتخب کیا گیا ہے۔
ورلڈ اکنامک فورم کے خصوصی اجلاس میں مختلف ممالک کے ایک ہزار سے زائد سربراہان اور پالیسی ساز اہم شخصیات شرکت کریں گی۔
خصوصی اجلاس میں مختلف حوالوں سے سیمینارز منعقد کیے جائیں گے جن کا مقصد پائیدار ترقی کے لیے عالمی سطح پرتعاون کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ نئی شراکت داری اورمختلف اقتصادی اور جغرافیائی سیاسی چیلنجز کا مشترکہ طورپر مقابلہ کرنا ہے۔
مملکت کی میزبانی میں  ہونے والے دو روزہ اجلاس میں مختلف موضوعات کے سلسلے میں نمائش اورٹاک شوزہوں گے جس میں اہم امور پرروشنی ڈالی جائے گی۔
ایک نمائش میں مملکت میں ہونے والی غیرمعمولی تاریخی تبدیلیوں اور سعودی عرب کے وژن 2030 کے تحت ہونے والی عظیم الشان اقتصادی ترقی کو بھی نمایاں کیا جائے گا۔

شیئر: