Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی سفیر نواف المالکی کی سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے ملاقات

ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے موجودہ پاک سعودی تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا (فائل فوٹو: قومی اسمبلی)
پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی کی سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے ملاقات ہوئی ہے۔
قومی اسمبلی کے منگل کو جاری کردہ بیان کے مطابق اس ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے موجودہ پاک سعودی تعلقات پر اطمینان کا اظہار اور انہیں مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
اس موقعے پر سپیکر ایاز صادق نے کہا کہ ’پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے۔ پاک سعودی تعلقات مذہب، ثقافت، تاریخ اور باہمی اعتماد و احترام کے اٹوٹ رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’پاکستان کے عوام سعودی عرب اور خادمین الحرمین الشریفین سے گہری وابستگی رکھتے ہیں۔ دونوں برادر ممالک اہم عالمی اور علاقائی ایشوز پر یکساں موقف رکھتے ہیں۔‘
’دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے پارلیمانی سفارت کاری انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔ پارلیمانی وفود کے تبادلوں اور پارلیمانی فرینڈشپ گروپس کے درمیان روابط دونوں اقوام کو مزید قریب لانے میں معاون ثابت ہوں گے۔‘
بیان کے مطابق سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے سپیکر قومی اسمبلی کی طرف سے سعودی عرب سے گہری وابستگی، خادمین الحرمین الشریفین کے لیے نیک تمناؤں کے اظہار اور دو طرفہ تعلقات کو وسعت دینے کی خواہش پر شکریہ ادا کیا۔
سعودی سفیر نے کہا کہ ’سعودی عرب پاکستان کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو نہایت اہمیت دیتا ہے۔ سعودی عرب کی عوام اور حکومت پاکستان کی پائیدار ترقی اور خوشحالی کے لیے کردار ادا کرتی رہے گی۔‘
سپیکر قومی اسمبلی نے مزید کہا کہ ’سعودی عرب کا پاکستان کی معاشی و اقتصادی ترقی کے لیے تعاون قابل ستائش ہے۔ سعودی عرب کی جانب سے پاکستان میں سرمایہ کاری کے عزم کا خیر مقدم کرتے ہیں۔‘
انہوں نے سعودی عرب میں مقیم پاکستانی تارکین وطن کو سہولیات کی فراہمی پر سعودی حکومت کا شکریہ ادا کیا اور سعودی مجلس شوریٰ کے چیئرمین ڈاکٹر عبداللہ بن محمد بن ابراہیم الشیخ کو پارلیمانی وفد کے ہمراہ پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔

شیئر: