Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نان اور روٹی کی قیمتوں میں کمی کا نوٹیفیکیشن معطل

اسلام آباد ہائی کورٹ نے 6 مئی تک نوٹیفیکیشن معطل کرنے کا کہا ہے۔ فوٹو: اے ایف پی
اسلام آباد ہائی کورٹ نے وفاقی دارالحکومت میں نان اور روٹی کی قیمتوں میں کمی کا نوٹیفیکیشن معطل کر دیا ہے۔
جمعرات کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس طارق محمود جہانگیری نے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ روٹی کی قیمتوں میں کمی کا نوٹیفکیشن آئندہ سماعت 6 مئی تک معطل رہے گا۔
نان بائی ویلفیئر ایسوسی ایشن کے صدر نے نان اور روٹی کی قیمتوں میں کمی کو چیلنج کیا تھا۔
سماعت کے دوران عدالت نے استفسار کیا کہ کیا پنجاب میں 120 گرام کی روٹی 25 روپے میں فروخت ہو رہی ہے۔
عدالت میں موجود ضلعی حکومت کے نمائندے بیرسٹر عمر اعجاز گیلانی نے بتایا کہ وہ دوسری صوبائی حکومت ہے، آٹا اسلام آباد میں مہنگا ہے اور یہاں کرائے بھی زیادہ ہیں۔
بیرسٹر عمر اعجاز گیلانی نے عدالت سے درخواست کی کہ متعلقہ افسر موجود نہیں ہیں جو پیراوائز کمنٹس دے دیتے لہٰذا مناسب وقت دیا جائے۔
اس موقع پر جسٹس طارق محمود جہانگیری نے سوال کیا کہ کیا تندور والوں سے پوچھا آٹا کتنے کا آرہا ہے یا پھر لوگوں کو خوش کرنے کے لیے آرڈر جاری کر دیے۔
عدالت نے کیس کی سماعت 6 مئی تک متلوی کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ سماعت پر فریقین تفصیلی جواب عدالت میں جمع کرائیں۔
خیال رہے کہ 16 اپریل کو اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے نوٹیفیکیشن جاری کیا گیا تھا جس کے مطابق 120 گرام فی روٹی کی قیمت 16 روپے جبکہ 120 گرام فی نان کی قیمت 20 روپے مقرر کی گئی تھی۔
نوٹیفیکیشن کے مطابق قیمتوں کا اطلاق آئندہ روز 17 اپریل سے ہونا تھا۔

شیئر: