Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزیراعظم شہباز شریف سے اسلامی ترقیاتی بینک کے صدر کی ملاقات

پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف سے ورلڈ اکنامک فورم کے خصوصی اجلاس کے موقعے پر اسلامی ترقیاتی بینک کے صدر ڈاکٹر محمد سلیمان الجاسر نے ملاقات کی۔
ملاقات میں اسلامی ترقیاتی بینک کے پاکستان میں جاری مختلف منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔
شہباز شریف نے اپنے گذشتہ دور حکومت میں اسلامی ترقیاتی بینک کی جانب سے مختلف منصوبوں میں ایک ارب امریکی ڈالرز کی سرمایہ کاری پر اسلامی ترقیاتی بینک کا شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم نے سیلاب کے بعد ملک کی بحالی میں اسلامی ترقیاتی بینک کی معاونت کو سراہا۔
ملاقات میں پاکستان میں اسلامی ترقیاتی بینک کے جاری مختلف منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کرنے پر اتفاق بھی کیا گیا اور پاکستان اور اسلامی ترقیاتی بینک کے درمیان تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اسلامی ترقیاتی بینک کی پاکستان کے ساتھ مفید شراکت داری،  تعمیرنو اور روزگار میں مدد فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ حکومت کے پائیدار ترقی کے مقاصد کے حصول میں بھی معاون ثابت ہو رہی ہے۔
اسلامی ترقیاتی بینک کے صدر صدر ڈاکٹر محمد سلیمان الجاسر کا کہنا تھا کہ پاکستان بینک کا بانی اور انتہائی اہم رکن ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف عالمی صحت کے ایجنڈے کے حوالے سے اپنا نقطہ نظر پیش کریں گے
پاکستان کے وزیراعظم اس وقت ورلڈ اکنامک فورم کے خصوصی اجلاس میں شرکت کی غرض سے اپنے وفد کے ہمراہ سنیچر کو سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض پہنچے تھے۔
ورلڈ اکنامک فورم کے اجلاس میں پاکستانی وفد عالمی صحت، توانائی اور معیشت کی ترقی پر بات چیت کرے گا۔
اتوار کو وزیراعظم کے دفتر سے جاری ایک مختصر بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف ورلڈ اکنامک فورم کے خصوصی اجلاس میں عالمی صحت کے ایجنڈے کے حوالے سے اپنا نقطہ نظر پیش کریں گے
بیان میں کہا گیا ہے کہ ورلڈ اکنامک فورم کے اجلاس کے موقعے پر وزیراعظم شہباز شریف کی کویت کی امیر مشعل الاحمد الجابر الصباح سے ملاقات ہو گی۔
وزیراعظم کی سعودی وزرا برائے خزانہ، صنعت، سرمایہ کاری سے ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔
وزیراعظم بل اینڈ ملینڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے کو چیئرمین، عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی مینجنگ ڈائریکٹر اور صدر اسلامی ترقیاتی بینک سے بھی ملاقات کریں گے۔

شیئر: