Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات میں بارش کا امکان: دفاتر میں جمعرات اور جمعے کو ورک فراہم ہوم، کلاسز آن لائن

رہائشیوں کو گھروں تک محدود رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ( فوٹو: سبق)
متحدہ عرب امارات کے قومی مرکز برائے موسمیات نے کہا ہے کہ ملک بھر میں آئندہ روز جمعرات اور جمعے کو تیز بارش کا امکان ہے جس کے بعد تمام سرکاری و نجی سکول بند رکھنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
سبق ویب کے مطابق وزارت تعلیم نے کہا ہے کہ موسلادھار بارش کے امکان اور غیر یقینی موسم کے باعث یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔
ہنگامی حالات سے نمٹنے والی کمیٹی کا کہنا ہے  ’تمام سکولوں میں آن لائن تدریس ہوگی، تمام پارک اور پبلک مقامات بند ہوں گے اور تمام ایونٹ معطل کیے جائیں گے۔‘
’محکمہ موسمیات کی اطلاع کے مطابق گو کہ بارش کی حالیہ لہر پچھلی لہر سے کم ہوگی تاہم احتیاطی تدابیر کے طور پر رہائشیوں کو گھروں تک محدود رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔‘
علاوہ ازیں امارات میں موسمی صورتحال کے باعث تمام سرکاری دفاتر اور تعلیمی اداروں میں جمعرات اور جمعے (2 اور 3 مئی 2024) کو تمام سرگرمیاں آن لائن ہوں گی جبکہ وفاقی سرکاری ملازمین کے لیے جمعرات کو ورک فرام ہوم کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
 ’ دبئی، ابوظبی اور شارجہ میں سرکاری اداروں میں ملازمین گھروں سے کام کریں گے ان ملازمین کے علاوہ جن کی دفاتر میں موجودگی ضروری ہوتی ہے‘۔
 دبئی کی سپریم کمیٹی آف کرائسز اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے اجلاس میں آئندہ موسم کی پیش گوئی کے ممکنہ اثرات سے نمٹنے کے منصوبے کا جائزہ لیا گیا۔
ابوظبی ایمرجنسی، کرائسز اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ ٹیم نےابوظبی میں کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پرائمری سپورٹ ٹیموں کی تیاری کو بڑھانے کے منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا۔
 دبئی ایئرپورٹس نے کہا ہے کہ’ خراب موسمی صورتحال کے باعث مسافر ایئرپورٹ آنے سے پہلے کنفرمیشن حاصل کریں اور پرواز کے وقت سے کافی پہلے ایئرپورٹ پہنچ جائیں تاکہ ٹریفک کے رش کے باعث ممکنہ تاخیر سے بچا جا سکے۔

 ہنگامی حالت سے نمٹنے کے لیے تمام امدادی اداروں کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)

الامارات الیوم کے مطابق بحیرہ احمر سے آنے والے بادلوں سے ملک کے مختلف علاقے سنیچر تک متاثر رہیں گے۔
قومی مرکز برائے موسمیات نے رہائشیوں کو اطمینان دلایا ہے کہ بارش کی حالیہ لہر سابقہ غیر معمولی لہر سے کم ہوگی جبکہ بارش کی مقدار بھی معمول کے مطابق رہے گی۔
’غیر متوقع ہنگامی حالت سے نمٹنے کے لیے تمام امدادی اداروں کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔‘
مرکز کا کہنا ہے کہ ’جمعرات کو ساڑھے 12 بجے دوپہر سے رات 8 بجے تک تیز ہوائیں چلیں گی جن کی رفتار 40 کلو میٹر فی گھنٹہ ہوگی۔‘
ملک کے بیشتر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے جبکہ بعض علاقوں میں اولے پڑنے کا بھی امکان ہے۔

شیئر: