Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فلپائن کی جڑی ہوئی بچیوں کو آپریشن کے لیے سعودی عرب لانے کی تیاری

بچیوں کو لانے کے لیے شاہ سلمان سینٹر کی جانب سے خصوصی طیارہ فلپائن پہنچ گیا (فوٹو: سبق)
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے فلپائن کی 16 ماہ کی جڑی ہوئی بچیوں کو آپریشن کے ذریعے علیحدہ کرنے کے لیے مملکت لایا جا رہا ہے۔
سبق نیوز کے مطابق فلپائن میں سعودی سفیر ھشام بن سلطان القحطانی نے اپنے دفتر میں جڑی ہوئی بچیوں اور ان کے والدین سے ملاقات کی اور انہیں سعودی عرب بھیجنے کے حوالے سے تیاریوں کا جائزہ لیا۔
دونوں بچیوں کا مملکت کے فلیگ شپ پروگرام کے تحت ریاض کے ہسپتال میں آپریشن کیا جائے گا۔
فلپینی بچیوں عائشہ اور اکیزا کا اوپری حصہ ایک دوسرے سے جڑا ہوا ہے۔ شاہ سلمان سینٹر کی جانب سے خصوصی طیارہ فلپائن پہنچ گیا۔ بچیوں کو ان کے والدین سمیت مملکت لایا جائے گا۔
اس موقع پر فلپائن میں سعودی سفارتخانے میں شاہ سلمان مرکز برائے فلاح انسانیت کی ٹیم اور فلپائن کے معاون وزیر خارجہ، ریڈ کراس کے صدر اور میڈیا سے تعلق رکھنے والے افراد بھی موجود تھے۔
جڑی ہوئی بچیوں کے والدین نے مملکت کی اعلٰی قیادت کی اس فیاضی اور ہمدردی پر شکریہ ادا کیا اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
یاد رہے کہ 1990 سے اب تک سعودی عرب میں 25 ممالک کے 130 جڑے ہوئے بچوں کو آپریشن کے ذریعے علیحدہ کیا جا چکا ہے۔

شیئر: