Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب سے اعلٰی سطح کا تجارتی وفد کل پاکستان پہنچے گا

’تجارتی وفد میں اہم شخصیات شامل ہیں جو پاکستان میں تجارتی و سرمایہ کاری کے نئے مواقع کا جائزہ لیں گے‘ ( فوٹو: سبق)
سعودی عرب سے 50 افراد پر مشتمل اعلٰی سطح کا تجارتی وفد کل اتوار کو پاکستان پہنچے گا۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق تجارتی وفد میں اہم شخصیات شامل ہیں جو پاکستان میں تجارت و سرمایہ کاری کے نئے مواقع کا جائزہ لیں گے۔
دونوں ملکوں کے مابین تجارتی تعلقات کے فروغ کے لیے مختلف شعبوں میں تجارتی تبادلہ ہو گا۔
واضح رہے کہ سعودی تجارتی وفد میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی 30 کمپنیوں کے نمائندے شامل ہیں جن کا تعلق ٹیکنالوجی، توانائی، ہوابازی، تعمیرات، مائننگ اور ہیومن ریسورسز سے ہے۔
وفاقی وزیر پیٹرولیم مصدق ملک نے سنیچر کو ایک پریس بریفنگ میں کہا کہ ’پہلے سعودی عرب کے وزرا یہاں آئے اور دو دن تک ہماری گفتگو چلتی رہی۔ اس کے چند دن بعد ہمارا وفد وہاں چلا گیا اور تقریباً ان کی پوری کابینہ سے بات ہوئی۔ ایک مرتبہ نہیں دن میں دو دو مرتبہ بھی ہوئی۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’ابھی ہم آئے ہیں اور پسینہ بھی نہیں پونچھا تو ان کا وفد کل تشریف لا رہا ہے۔‘
جمعے کو وزیراعظم شہباز شریف نے ایک اجلاس کو سعودی عرب کی کاروباری شخصیات کے اعلٰی سطح کے وفد کے آئندہ چند روز میں دورۂ پاکستان کے بارے میں آگاہ کیا تھا۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت سعودی عرب کی پاکستان میں سرمایہ کاری اور منصوبوں پر پیش رفت کے حوالے سے اعلٰی سطح کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا تھا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا تھا کہ سعودی قیادت کی جانب سے پاکستان میں سرمایہ کاری کے فروغ اور ترقی و خوشحالی کے لیے اقدامات پر پوری قوم ان کی شکرگزار ہے۔
وزیرِاعظم نے اجلاس کو اپنے حالیہ دورہ سعودی عرب کے حوالے سے تفصیلات سے آگاہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ سعودی قیادت نے پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے ہر قسم کی معاونت کی پیشکش کی، جو خوش آئند ہے۔
وزیراعظم نے کہا تھا کہ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان پاکستان میں سرمایہ کاری کے فروغ اور اس کی ترقی و خوشحالی میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں۔
 

شیئر: