Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی آئی اے کا 9 مئی سے حج آپریشن شروع کرنے کا اعلان، ’34 ہزار عازمین سفر کریں گے‘

ترجمان پی آئی اے کے مطابق ’قومی ایئرلائن حج آپریشن کے دوران 170 پروازیں چلائے گی‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے رواں برس کے حج آپریشن کا اعلان کردیا ہے۔ 9 مئی سے شروع ہونے والا حج آپریشن 10 جون تک جاری رہے گا۔
سرکاری نیوز ایجنسی اے پی پی کے مطابق اس دوران قومی ایئرلائن تقریباً 34 ہزار عازمین کو 170 پروازوں کے ذریعے سعودی عرب پہنچائے گی۔
حج آپریشن کی تیاریاں مکمل کرلیں: ترجمان پی آئی اے
 پی آئی اے کے ترجمان عبداللہ حفیظ خان کی جانب سے سنیچر کو جاری کیے گئے بیان کے مطابق ’19 ہزار عازمین سرکاری حج سکیم جبکہ 15 ہزار  پرائیویٹ حجاج سکیم کے تحت پی آئی اے کے ذریعے سفر کریں گے۔‘
’رواں برس  پی آئی اے پاکستان کے 8 شہروں بشمول اسلام آباد، کراچی، لاہور، پشاور، ملتان، کوئٹہ، سیالکوٹ اور سکھر سے جدہ اور مدینہ کے لیے براہ راست پروازیں چلائے گی۔‘
 ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ ’رواں سال روٹ ٹو مکہ منصوبہ اسلام آباد اور کراچی کے ہوائی اڈوں پر دستیاب ہوگا، روٹ ٹو مکہ کے ذریعے عازمین حج اپنی سعودی امیگریشن پاکستان ہی میں کروا سکیں گے۔‘
’اس سے جدہ یا مدینہ میں امیگریشن کے لیے طویل قطاروں کی کوفت سے بچا جاسکے گا۔ قومی ایئرلائن نے حجاج کی آگاہی کے لیے ایک ہدایت نامہ بھی جاری کیا ہے جس میں نسک ایپلی کیشن سمیت دیگر ضروری ہدایات کا تفصیلی ذکر ہے۔‘
ترجمان پی آئی اے عبداللہ حفیظ خان نے بتایا کہ ’حجاج ٹکٹ بنواتے وقت اپنے موبائل نمبرز کا ضروری اندراج کروائیں تاکہ ان کو اُن کی پرواز سے متعلق بروقت معلومات دستیاب ہو سکیں۔‘
انہوں نے پی آئی اے کی جانب سے تمام حجاج سے استدعا کی کہ وہ حج کے مناسک کی ادائیگی کے دوران پاکستان کی سلامتی اور ترقی کے لیے دعا کریں۔

شیئر: