Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امام ترکی رائل ریزرو میں پودوں کی افزائش میں 8.5 فیصد اضافہ

سعودی گرین انیشیٹو کے اہداف کے مطابق ریزرو میں شجرکاری کی گئی ہے۔ فوٹو عرب نیوز
امام ترکی بن عبداللہ رائل نیچر ریزرو میں قدرتی حسن کو مزید وسعت دیتے ہوئے شجرکاری مہم کے پیش نظر پودوں کی افزائش میں 8.5 فیصد اضافہ کیا گیاہے۔
سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی واس کے مطابق ریزرو کی ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے بتایا ہے کہ یہ قدرتی ذخیرہ گاہ مملکت کے شمال مشرقی حصے میں91 ہزار مربع کلومیٹر کے رقبے پر پھیلی ہوئی ہے۔
قدرتی ذخیرہ گاہ ماحولیاتی سیاحت، آزاد پرندوں کی دلکش چہچہاہٹ، ہائیکنگ، پیدل چلنے اور اسی طرح کی فطری سرگرمیوں میں دلچسپی سے لطف اندوز ہونے والے زائرین کے لیے خاص طور پر مقبول مقام ہے۔
ریزرو کی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے تحقیق اور فیلڈ سٹڈیز میں بتایا ہے کہ اس قدرتی ذخیرہ گاہ میں گذشتہ موسم بہار سے پودوں کی نمایاں نشوونما کا تجربہ کیا گیا ہے۔
درختوں کی افزائش میں اضافے سے علاقے میں ہوا کے معیار میں بہتری اور مملکت کے کئی وسطی علاقوں میں دھول اور ریت کے طوفان کی شدت میں کمی آئی ہے۔

امام ترکی بن عبداللہ رائل نیچر ریزرو چھ شاہی ذخائر میں سے ایک ہے۔ فوٹو عرب نیوز

سعودی پریس ایجنسی نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ سعودی گرین انیشیٹو کے قومی اہداف کے مطابق ریزرو نے صحرائی جنگلات کے منصوبوں کے ذریعے چھ لاکھ سے زیادہ درخت لگائے ہیں جس کا مقصد 2030 تک کی شجرکاری مہم میں 60 کروڑ سے زائد درخت لگانا ہے۔
ریزرو اتھارٹی کی کوششیں جنگلی حیات کے تحفظ، ماحولیاتی توازن کو بحال کرنے اور پودوں کی افزائش کو بحال کرنے پر مرکوز ہیں۔
ریزرو میں 2018 میں ہریالی کی شرح 1.4 فیصد ریکارڈ کی گئی تھی جو رواں سال بڑھ کر 8.5 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔

وژن 2030 کی شجرکاری مہم میں 60 کروڑ سے زائد درخت لگائے جائیں گے۔ فوٹو عرب نیوز

امام ترکی بن عبداللہ رائل نیچر ریزرو میں 180سے زیادہ پودوں اور درختوں کی انواع کی شناخت کی گئی ہے جو مملکت میں پودوں کی کل انواع کا 7.5 فیصد ہے۔
امام ترکی بن عبداللہ رائل نیچر ریزرو مملکت میں موجود چھ شاہی ذخائر میں سے ایک ہے جنہیں 2018 میں شاہی احکام کے ذریعے ترقی دی گئی۔
ریزرو کے اندر کئی صحرائی علاقوں کے علاوہ کئی دیہات بھی موجود ہیں جہاں تقریباً 80 ہزار سے ایک لاکھ نفوس پر مشتمل آبادی مقیم ہے۔
 

شیئر: