Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

روس کی ماڈل و فیشن ڈیزائنر کے سعودی عرب میں قیام کے خوشگوار لمحات

مملکت میں قیام سے بے حد اطمینان ملا اور یہ ہمارا بہترین فیصلہ ہے۔ فائل فوٹو انسٹاگرام
روس کی فیشن ڈیزائنر، ماڈل اور معروف سٹائلسٹ مارگو مارسڈن دو سال قبل سعودی عرب منتقل ہوئیں جب ان کے شوہر نے مملکت میں ملازمت کا معاہدہ کیا۔
عرب نیوز کے مطابق مارسڈن اپنے برطانوی شوہر، جو کہ آئل اینڈ گیس فیلڈ میں انجینیئر ہیں، کے ساتھ مملکت میں زندگی کے خوشگوار تجربات سوشل میڈیا پر شیئر کر رہی ہیں۔
مارگو مارسڈن کا کہنا ہے کہ وہ مملکت آ کر بہت خوش ہیں اور ’توقعات کے عین مطابق یہاں قیام میں بے حد اطمینان ملا اور یہ ہمارا بہترین فیصلہ ہے۔‘
انہوں نے مزید بتایا کہ سعودی وژن 2030 سے ہم آہنگ ملک میں ہونے والی مثبت تبدیلیوں کو واضح طور پر محسوس کیا جا سکتا ہے۔
قازقستان میں پیدا ہونے والی مارسڈن 14 سال کی عمر میں اپنے والدین کے ہمراہ روس چلی گئیں اور سعودی عرب آنے سے قبل وہ ملائیشیا، سنگاپور، اٹلی، ترکی، لبنان، تھائی لینڈ، برطانیہ اور ناروے میں مقیم رہیں۔
قبل ازیں مارسڈن نے ریاض میں 2019 میں معروف فیشن برانڈ کے ساتھ ایک ماہ تک کام کیا تھا۔
مملکت میں ان کے شوہر کی گیس اینڈ آئل فیلڈ میں ملازمت کے بعد وہ دوبارہ مملکت آنے اور قیام کرنے پر مطمئن ہیں۔

 مارسڈن برطانوی انجینئر شوہر کے ساتھ دوسری بار مملکت آئی ہیں۔ فوٹو عرب نیوز

ماسڈن نے کہا کہ ’میری نظر میں سعودی عرب رہنے کے لیے سب سے بہتر مقام ہے اور یہاں قیام ناقابل یقین حد تک پرسکون ہے۔‘
مارسڈن نے بتایا کہ ’یہاں مقامی و غیر ملکی خواتین کے ساتھ اپنے ہنر کے اشتراک سے ان کا اعتماد بلند کرنے اور فیشن کے شعبے میں انہیں  آگے لانے کے لیے پرامید ہوں۔‘
مارسڈن کے پاس فیشن انڈسٹری میں دو دہائیوں سے زیادہ کا تجربہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس شوق کا آغاز بچپن میں ہوا جب وہ اپنی والدہ کی رہنمائی میں باربی ڈول کے لیے نہایت نفاست سے کپڑے تیار کرتی تھیں۔

وژن 2030 کے مطابق مملکت میں تبدیلیوں کو محسوس کیا جا سکتا ہے۔ فوٹو عرب نیوز

مارسڈن نے بتایا کہ انہوں نے روس، قازقستان، ہانگ کانگ، ملائیشیا، سنگاپور، سری لنکا، لبنان، ترکی، ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو اور تھائی لینڈ میں ماڈل کے طور پر کیٹ واک کی۔
فیشن انڈسٹری کے  شعبے میں جانے سے پہلے انہوں نے بینکاک میں اکیڈمیا اطالیانہ اور لندن کالج آف سٹائل سے فیشن ڈیزائنر کی باقاعدہ تعلیم حاصل کی اور تخلیق کار و ماڈل کے طور پر کام کیا۔
روسی ماڈل نے بتایا کہ ’میری مصروفیات کیمرے کے پیچھے بھی کافی زیادہ ہیں، میں اپنے کلائنٹس کی خوبصورتی بڑھانے کے لیے ان میں اعتماد پیدا کرنے پر زور دیتی ہوں۔‘
مارسڈن کا فی الحال مملکت میں کوئی کلائنٹ نہیں لیکن وہ اپنے شعبے میں آگے بڑھنے کی امید رکھتی ہیں۔

شیئر: