Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بغیرحج پرمٹ ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کرنے پر چھ ماہ قید اور 50 ہزار ریال جرمانہ

خلاف ورزی کرنے والا غیرملکی ہوا تو ڈی پورٹ کیا جائے گا (فوٹو: سبق)
سعودی  وزارت داخلہ نے انتباہ کیا ہے کہ’ بغیر پرمٹ اور حج ضوابط و ہدایات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کرنے پر چھ ماہ تک قید اور پچاس ہزار ریال تک جرمانے کی سزا ہوگی۔ 
 ’جتنے افراد کو غیر قانونی طور پر ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کی جائے گی اسی حساب سے جرمانے میں اضافہ ہوگا‘۔ 
سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق بیان میں کہا گیا کہ ’زیر استعمال گاڑی ضبط کرلی جائے گی جبکہ خلاف ورزی کرنے والا غیرملکی ہوا تو اسے سزا کے بعد ڈی پورٹ کیا جائے گا‘۔
 
یاد رہے کہ سعودی وزارت داخلہ نے 2 سے 20 جون کے دوران بغیر پرمٹ اور حج ضوابط و ہدایات کی خلاف ورزی کرنے والوں پر جرمانے کا بھی اعلان کیا ہے۔
 مکہ مکرمہ، مرکزی علاقے، مشاعر مقدسہ، حرمین ٹرین سٹیشن، عارضی سکیورٹی کنٹرول سینٹرز میں بغیرحج پرمٹ اور خلاف ورزیوں پر پکڑے جانے والے شہریوں، مقیم غیرملکیوں اور وزیٹرز پر10 ہزار ریال جرمانہ کیا جائے۔
اس سے قبل سعودی محکمہ امن عامہ نے سنیچر 4 مئی 2024 سے حج سیزن کے حوالے سے ضوابط پر عملدرآمد کے آغاز کا اعلان کیا تھا جس کے تحت مکہ مکرمہ میں داخلے کےلیے انٹری پرمٹ ضروری ہوگا۔ 

شیئر: