Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات، تھائی لینڈ میں گرمی کی لہر سے 61 افراد ہلاک

اپریل کے مہینے میں تھائی لینڈ میں درجہ حرارت 44.2 ڈگری ریکارڈ کیا گیا ہے۔ فوٹو: اے ایف پی
تھائی لینڈ میں رواں سال درجہ حرارت بڑھنے سے کئی افراد ہیٹ سٹروک کا شکار ہوئے جس سے 61 افراد کی موت واقع ہوئی ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق گزشتہ چند ہفتوں کے دوران تھائی لینڈ میں  درجہ حرارت غیرمعمولی طور پر زیادہ رہا اور حکام روزانہ کی بنیاد پر وارننگ جاری کرتے رہے ہیں۔
وزارت صحت نے جمعے کو کہا کہ سال 2024 کے آغاز کے بعد سے 61 افراد ہیٹ سٹروک کی وجہ سے ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ پچھلے پورے سال میں 37 شہریوں کی موت واقع ہوئی تھی۔
وزارت کے مطابق تھائی لینڈ کے شمالی علاقے جو زراعت کے لیے جانے جاتے ہیں، وہاں سب سے زیادہ افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
سائنسدان کئی سالوں سے خبردار کر رہے ہیں کہ انسانوں کی وجہ سے پیدا ہونے والی ماحولیاتی تبدیلیوں کے نتیجے میں اکثر گرمی کی شدید لہر کا سامنا رہے گا جو پہلے سے طویل ہوں گی۔
اقوام متحدہ کی میٹریولاجیکل آرگنائزیشن کا کہنا ہے کہ ایشیا کا خطہ تیزی سے گرم ہو رہا ہے۔
تھائی لینڈ نے شہریوں کو متنبہ کیا ہے کہ صحت کے مسائل کا شکار افراد کم سے کم وقت باہر گزاریں۔
تھائی لینڈ میں مون سون کے موسم میں تاخیر کے باعث بھی غیرمعمولی طور پر درجہ حرارت زیادہ ہے۔
رواں ہفتے ملک کے کچھ حصوں میں بارشوں اور طوفانوں کے بعد گرمی کی شدت میں کمی آئی لیکن اس کے ساتھ ہی فلیش فلڈنگ کا خطرہ بھی پیدا ہو گیا ہے۔
اپریل کے مہینے میں تھائی لینڈ میں درجہ حرارت 44.2 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔

شیئر: