Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حج 2024: پاکستان سے دو دن میں کتنے عازمین مدینہ منورہ پہنچے؟

اب تک دو ہزار 501 عازمین حج مدینہ منورہ پہنچے ہیں۔(فوٹو: ٹوئٹر پاکستان قونصلیٹ)
پاکستان سے جمعرات 9 مئی سے حج آپریشن کے آغاز سے مدینہ منورہ کےلیے حج پروازوں کا سلسلہ جاری ہے۔
حج آپریشن کے پہلے دو روز میں اب تک دو ہزار 501 عازمین حج مدینہ منورہ پہنچے ہیں۔
وزارت مذہبی امور سے جاری بیان کے مطابق پاکستانی عازمین نے مسجد نبوی میں نماز جمعہ ادا کی۔ مسجد نبوی کی چھت بھی نمازیوں کےلیے کھول دی گئی۔
عازمین نے مدینہ منورہ آمد کے بعد پہلے جمعے میں ملک و قوم کےلیے خصوصی دعائیں کیں۔ بعد ازاں روضہ رسول پر حاضری دی۔
قبل ازیں سعودی سفیر نواف بن سعيد المالكي نے وفاقی سیکرٹری مذہبی امور ذوالفقار حیدر کے ہمراہ جمعے کو اسلام آباد ایئرپورٹ پر روٹ ٹو مکہ کے تحت جانے والے عازمین کو رخصت کیا۔
سعودی سفیر نے بتایا کہ’ اسلام آباد سے روانہ ہونے والے عازمینِ کی سعودی امیگریشن اور کسٹم کے مراحل اسلام آباد میں مکمل ہو جائیں گے‘۔
’اس سال اسلام آباد اور کراچی ائیرپورٹ سے جانے والے حجاج اس سہولت سے فائدہ اٹھائیں گے۔ گذشتہ سال روٹ مکہ سے جانے والے حجاج کی تعداد 26 ہزار تھی‘۔
 نواف سعید المالکی نے کہا کہ ’روٹ ٹو مکہ انیشیٹو سے پاکستانی عازمین کو ایک ہی چھت کے نیچے تمام سہولتیں ملیں گی۔ کوشش ہوگی پاکستانی عازمین کو دیگر ایئرپورٹ پر بھی اگلے سال سہولت دیں‘۔

شیئر: