حج والنٹیئرز گروپ کی طرف سے رضا کاروں میں اسناد تقسیم
ریاض(وسیم بخاری) حج اسلام کا اہم رکن ہے اور اس کی ادائیگی صاحب استطاعت مسلمان پر فرض ہے۔ دنیا بھر سے ہر سالاکھوں مسلمان فریضہ حج کی ادائیگی کے لئے آتے ہیں جن میں پاکستانیوں کی بہت بڑی تعداد ہوتی ہے۔ ان حجاج کرام کی خدمت کے لئے پاکستان حج والنٹیئرز گروپ سعودی عرب کے رضاکار جس محنت اور جانفشانی سے کام کر رہے ہیں۔ وہ نہایت قابل تعریف امر ہے اور ان کے اس جذبے کی جس قدر بھی تحسین کی جائے کم ہے۔ ان خیالات کا اظہار سفارتخانہ پاکستان کے ویلفیئر اتاشی عبدالشکور شیخ نے کیا ۔ وہ پی ایچ وی جی ریاض ریجن کے زیراہتمام منعقد ہونے والی تقریب تقسیم انعامات سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے مہمانوں کی خدمت بہت بڑی عبادت ہے او رپاکستان حج رضاکارگروپ کے رضاکاروں کو یہ سعادت حاصل ہو رہی ہے کہ وہ اللہ تعالیٰ کی خوشنودی کے لئے اس نیک کام میں خوب بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔ پاکستان حج والنٹیرزگروپ ریاض کے کوآرڈینیٹر انجینیئر یوسف اسماعیل نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کے گروپ کو یہ اعزازحاصل ہے کہ اس میں پاکستان کے ہر طبقہ فکر کی نمائندگی ہے او رتمام رضاکار ہر طرح کی تفریق اور علاقائی تعصبات سے بالاتر ہو کر حجاج کی خدمت میں سرگرم عمل ہیں۔پاکستان حج رضاکار گروپ سعودی عرب کے کوآرڈینیٹرسلمان آرائیں نے اس موقع پر کہا کہ ان کے گروپ کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ کروڑوں مسلمانوں میں سے چند ہزار لوگوں کو اللہ نے اپنے مہمانوں کی خدمت کی سعادت بخشی ہے۔ انہو ںنے بتایا کہ 2011ء میں صرف 85افراد سے شروع ہونے والے گروپ میں 2016ء میں 4ہزار سے زائد پاکستانیوں نے اپنے آپ کو حجاج کی خدمت کے لئے رجسٹرکروایا۔ تقریب کی نظامت عدنان نصیر نے کی۔ ریاض اور دمام ریجن سے تعلق رکھنے والے رضاکاروں کے علاوہ مقامی صحافیوں میں بھی اسناد تقسیم کی گئیں۔ تقریب میں شرکت کے لئے جدہ ، دمام اور دیگر شہروں سے تعلق رکھنے والے رضاکارخصوصی طور پر ریاض پہنچے تھے جس کا بنیادی مقصد ریاض ریجن کے رضاکاروں کی تحسین تھا۔ بعدازاں پی ایچ وی جی کے کوآرڈینیٹر سلمان آرائیں کی صدارت میں جدہ ، ریاض اور دمام ریجن کے رضاکاروں کا خصوصی اجلاس ہوا جس میں سال 2017ء کے حج آپریشن کے لئے مختلف تجاویز اور منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے شرکاء نے فیصلہ کیا کہ اس سال حج آپریشن کے آغاز سے قبل رضاکارگروپ کے قانونی تحفظ کے حصول کیلئے کوششیں تیز کر دی جائیں گی تاکہ حج آپریشن میں رضاکاروں کو اللہ تعالیٰ کے مہمانوں کی خدمت کے لئے کسی قسم کی دقت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔