Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کویت :سفارتخانہ اور تاجروں کے زیر اہتمام’’ پاکستان مینگو میلہ 2017 ‘‘

 
آم کی خریداری کے لئے پاکستانیوں کے علاوہ غیر ملکی افراد کا رش ،سندھڑی ، چونسا اور لنگڑا لوگوں کی توجہ کامرکز بنارہا
 
کویت(محمد عرفان شفیق) کویت میںسفارتخانہ پاکستان کے تعاون سے پاکستان بزنس سینٹرکویت، پاکستان بزنس کونسل کویت اور پاکستان فروٹ اینڈویجیٹیبل ایسوسی ایشن نے جمعیہ الزہرہ التعاونیہ کے وسیع و عریض ہا ل میں’’ پاکستان مینگو میلہ 2017 ‘‘کا انعقاد کیا۔ ہال کو خصوصی طور پر سجایا گیا تھا جہاں جابجا پاکستانی آم کا رنگ نمایاں تھا۔ پاکستانی کمیونٹی کی کثیر تعداد افتتاح سے پہلے ہی خریداری میں دلچسپی کا اظہار کر رہی تھی۔
مینگو میلے کا افتتاح سفیر پاکستان غلام دستگیرنے میلے کا افتتاح چیئرمین پاکستان فروٹ اینڈویجیٹیبل ایکسپورٹ ایسوسی ایشن عبدا لمالک، چیئرمین جمعیہ الزہرہ التعاونیہ مساعدسلطان السلطان، پاکستان بزنس سینٹر کے منیجنگ ڈائریکٹر حافظ شبیر، پاکستان بزنس کونسل کے صدر محمد عارف بٹ اور پاکستانی کمیونٹی کی سرکردہ شخصیات کے ہمراہ کیا۔پاکستان کمیونٹی کی ایک بڑی تعداد نے اپنے اہل خا نہ کے ہمراہ اس تقریب میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ 
اردو نیوز سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے سفیر پاکستان نے خوشی کا اظہار کیااور کہا کہ سفارتخانہ پاکستان کویت میں موجود بزنس مین کمیونٹی کے ساتھ ملکر اس قسم کے پروگرام کا اہتمام کرتا رہتا ہے۔سفارتخانہ پاکستان مستقبل میں بھی اپنے ہر قسم کے تعاون کا یقین دلاتا ہے۔ 
چیئرمین پاکستان فروٹ اینڈویجیٹیبل ایکسپورٹ ایسوسی ایشن عبدا لمالک نے اس موقع پرکہا کہ یہ کویت کا ان کا پہلا دورہ ہے۔ وہ یہاں آکر ایک لمحے کے لئے بھی خود کو اجنبی محسوس نہیں کر رہے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان میں آم کی 300سے زائد اقسام موجود ہیں لیکن یہاں پر زیادہ تر سندھڑی، چونسااور لنگڑا پسند کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے دورے کا مقصدیہ ہے کہ ہم کسٹمرز کے پاس خود جا کر دیکھیں کہ ان کی ڈیمانڈ کیا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ دیار غیر میں رہتے ہوئے ہمیں پاکستانی مصنوعات زیادہ سے زیادہ پرموٹ کرنی چاہئے تاکہ پاکستان کے زر مبادلہ میں اضافہ ہو سکے۔ انھوں نے اپنے وفد کی جانب سے سفارتخانہ پاکستان، پاکستان بزنس سینٹر کویت، پاکستان بزنس کونسل کویت اور جمعیہ الزہرہ کی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔
پاکستان بزنس سینٹر کے منیجنگ ڈائریکٹر حافظ شبیر نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کویت میں آم کا یہ تیسرا میلہ منعقد کیا جارہا ہے۔ ہر سال اسکی خریداری میں اضافہ ہو رہا ہے۔ ہمیں اس بات کی بے حد خوشی ہے کہ پاکستانی افراد کے علاوہ دیگر قومیتیں بھی اس میں خاصی دلچسپی ظاہر کر رہی ہیں۔ پاکستان بزنس کونسل کے صدر محمد عارف بٹ کا کہنا تھا کہ پاکستانی آم کی دنیا بھر میں کوئی مثال نہیں ملتی۔ ہماری حتی الوسع کوشش ہے کہ دیار غیر میں بسنے والے اپنے بہن بھائیوں کو اچھی کوالٹی کی پاکستانی مصنوعات بہم پہنچائی جائیں۔ 
جمعیہ الزہرہ کے چیئرمین مساعدسلطان السلطان نے اس موقع پر کہا کہ ان کو خوشی ہے کہ پاکستانی آم کی نمائش ان کی جمعیہ میں ہو
 رہی ہے۔وہ اس ضمن میں اپنے ہر تعادن کا یقین دلاتے ہیں۔آخر میں معزز مہمانوں کو یادگاری شیلڈز پیش کی گئیں۔ نمائش میں پاکستانیوں کی ایک کثیر تعداد نے شرکت کی۔
(تصویر2)
 

شیئر: