Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انصاف ویلفیئر سوسائٹی کویت کے زیر اہتمام عید ملن اور ورکرز کنونشن

 
کویت(محمد عرفان شفیق)کسی بھی تنظیم کی کامیابی میں کارکنان ہی کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ کارکن ہی تنظیم کی جان ہوتا ہے۔ انصاف ویلفیئر سوسائٹی کویت کے زیر اہتمام عید ملن ورکرز کنونشن کا انعقاد کارکنان کو خراج تحسین پیش کرنے کےلئے جلیب الشیوخ ہال میں کیا گیا جس میں انصاف ویلفیئر سوسائٹی کے کارکنان اور ان کی فیملیز کے سیکڑوں افراد نے شرکت کی۔ تقریب کا آغاز تلاوت قران حکیم سے حسن شہزاد نے کیا اور نعت رسول کی سعادت کویت میں مقیم نامور ثنا خواں عبدالرو¿ف بھٹی نے حاصل کی۔ اسکے بعد کویت،پاکستان کے قومی ترانے پیش کئے گئے۔ 
عظیم الشان کنونشن کی نظامت کے فرائض انصاف رائٹرز فورم کے آرگنائزر محمد فیصل اور ڈپٹی آرگنائزر شوکت حیات گوندل نے ادا کیے۔ خطبہ استقبالیہ انصاف ویلفیئر سوسائٹی کے نائب صدر محمد شہزاد الرحمن بٹ نے دیا اور معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے انہوں نے تمام کارکنان کو خراج تحسین پیش کیا۔ اسکے بعد کارکنان کےلئے تقسیم ِاسناد کا پہلے مرحلہ شروع کیا گیا جس میں انصاف ویلفیئر سوسائٹی کے متحرک کارکنان کو تعریفی اسناد سے نوازا گیا اور ان کی حوصلہ افزائی کی گئی۔ 
انصاف ویلفیئر سوسائٹی کے جنرل سیکریٹری سید صداقت علی ترمذی نے سالانہ کارکردگی پر پریزینٹیشن پیش کی اور کارکنان کو بریفنگ دی۔انصاف ویلفیئر سوسائٹی کویت کے مختلف ونگز کے آرگنائزرز نے اپنی کارکردگی پر اظہارِ خیال کیا جن میں انصاف یوتھ ونگ کے آرگنائز فخر الزمان خان نے پشتو میں اظہارِ خیال کیا اور اپنا پیغام سنایا۔
انصاف سوشل ویلفیئر ونگ کے آرگنائزر حاجی ریاض انجم نے کہا کہ ہم سب مل کر پاکستان کو دیارِ غیر میں اپنی سماجی کارکردگی کی بدولت اعلیٰ مقام دلوائیں گے۔ پروفیشنل ونگ آرگنائزر مقصود اختر شیخ نے کارکنان کی خوبصورت الفاظ میں پذیرائی کی اور ا±ن کی کارکردگی کو سراہا۔
فنانس سیکریٹری قیوم شیخ نے اپنا پیغام دیتے ہوئے کارکنان کو کہا کے کسی بھی تحریک یا تنظیم کو چلانے کےلئے پیسوں کی ضرورت ہوتی ہے اور انصاف ویلفیئر سوسائٹی کے فنانس بورڈ نے شفافیت کے عمل کو اپناتے ہوئے اور تحریک انصاف کی طرز پر ایک ایک پائی کا حساب رکھا ہے۔
کشمیر فورم آرگنائزر ادیب عباسی نے کشمیر پر ہونے والے مظالم پر مبنی ایک دستاویزی فلم دکھا کر حاضرین سے اپیل کی کہ آپ ان مظالم کےخلاف آواز کو بلند کریں اور اقوام عالم کو پیغام دیں کہ ان مظالم سے کشمیریوں کے حق خود ارادیت کو دبایا نہیں جا سکتا۔ سیکریٹری اطلاعات ونشریات یاسر قاضی نے انصاف میڈیا اور نشر واشاعت کی کارکردگی کے بارے میں اظہارِ خیال کیا۔
ایجوکیشن ونگ قیصر ندیم نے خوشخبری سناتے ہوئے کہا کہ ہم نے مختلف تعلیمی اداروں، کویت میں مقیم ذہین طالب علموں کےلئے وظائف حاصل کیے ہیں اور مستقبل قریب میں مزید تعلیمی اداروں سے درخواست کریں گے کہ انصاف ویلفیئر سوسائٹی ایجوکیشن ونگ کےلئے مزید وظائف دیں۔ کارکنان کےلئے تقسیم اسناد کا پہلا مرحلہ شروع کیا گیا جس میں انصاف ویلفیئر سوسائٹی کے 50متحرک کارکنان کو تعریفی اسناد سے نوازا گیا اور ان کی حوصلہ افزائی کی گئی۔ کویت میں مقیم معروف شاعر اور ادیب انصاف رائٹرز فورم کے ڈپٹی آرگنائزر شہزادہ سلطان کیف اور پاکستان تحریک انصاف کی جانی پہچانی شخصیت معروف شاعر خضر حیات خضر نے حاضرین محفل کو اپنا خوبصورت کلام سنایا اور داد و تحسین وصول کی۔ خضر حیات خضر نے حاضرین کے اصرار پر اپنی نظم "گارڈ فادر" بھی سنا کر محفل لوٹ لی۔سوسائٹی کے عہدیداران کو اعزازی شیلڈز دینے کا سلسلہ شروع کیا گیا۔تمام شعبہ جات کے آرگنائزرز اور ڈپٹی آرگنائزرز کو اعزازی شیلڈز سے نوازا گیا۔ انصاف ویلفیئر سوسائٹی کے ایگزیکٹو ممبران ملک حبیب الرحمن اور انجینئر اشرف ضیاء، اخلاق احمد ملک صدر،محمد شہزاد الرحمن بٹ ، سید صداقت علی ترمذی اور یاسر قاضی نے اعزازی شیلڈز تقسیم کیں۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی اور ایگزیکٹو ممبر انصاف ویلفیئر سوسائٹی کویت پیر امجد حسین نے انفارمیشن سیکریٹری یاسر قاضی، جنرل سیکریٹری سید صداقت علی ترمذی، نائب صدر محمد شہزاد الرحمن بٹ اور صدر اخلاق احمد ملک کو ان کی کارکردگی پر شیلڈز دیں اور ا±ن کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ا ن کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا۔ 
صدارتی خطاب میں انصاف ویلفیئر سوسائٹی کویت کے صدر اخلاق احمد ملک نے کہا کہ "ہر فرد ہے ملت کے مقدرکا ستارہ" کے مصداق ہم سب کو اپنی اپنی ذمہ داری نبھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایمانداری بہترین حکمت عملی ہے اور یہ ہمارے پارٹی چیئرمین کی دیانت ہی کی وجہ ہے کہ ساری دنیا ان کے فلاحی کاموں میں حصہ لیتی ہے ۔ 
پروگرام میں کویت میں مقیم نامور گلوکار زاگر انور حسین نے ملے نغمے پیش کئے اور ابراہیم نے پارٹی نغمہ پیش کیا جس پر تمام کارکنان نے دل کھول کر داد دی۔ ناظم محفل محمد فیصل نے تمام حاضرین اور میڈیا کے نمائندوں کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا۔ تقریب کے اختتام پر حاضرین کے لئے پر تکلف عشائیہ کا اہتمام بھی کیا گیا۔ ملک وقوم کی سلامتی کی دعاوں کے ساتھ پروگرام کا اختتام ہوا۔
 

شیئر: