Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

قومی کھلاڑی ہمارے ہیروزہیں، گورنر سندھ نے ہیروز کو گولڈ میڈل دیئے

 
  کراچی:گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ لیجنڈ جہانگیر خان ، یونس خان ، وسیم اکرم ، وقار یونس سمیت دیگر کئی کھلاڑی ہمارے ہیرو ہیں۔ پاکستانی کھلاڑی با صلاحیت ہیں۔ کرکٹرز زبردست محنت کررہے ہیں۔ عالمی چیمپئنز شپ جیتنے کے بعد کھلاڑیوں نے اپنی صلاحیتوں کا لو ہا منوالیا کہ وہ کسی بھی ٹیم کو کسی بھی گراﺅنڈ پر شکست دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیمپیئنز ٹرافی جیتنے والی پاکستانی کرکٹ ٹیم کے اعزاز میں منعقدہ پروگرام سے خطاب میں کیا ۔ اس موقع پر لیجنڈجہانگیر خان ، یونس خان ، راشد خان ، پاکستانی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد سمیت دیگر کھلاڑیوں سمیت ہزاروں افراد شریک تھے ۔پروگرام میں کھلاڑیوں کو انعامی رقم کے چیک ، گولڈ میڈل اور شیلڈ پیش کی گئیں ۔ گورنر سندھ نے بتایا کہ انھیں کرکٹ سے بے حد لگاﺅ ہے اسی جذبہ کے تحت ایک دفعہ برطانیہ میں لارڈز کے گراﺅنڈ میں کمنٹری بھی کی تھی ۔ اس وقت پاکستان کے میچ میں وقار یونس کمنٹری کررہے تھے۔ وقار یونس نے مجھے دیکھ کر کہا کہ آپ کیوں کمنٹری نہیں کرتے جس پر میں نے مائیک پر کمنٹری شروع کردی۔ وہ ایک زبردست تجربہ تھا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ میچ ہارنے کے بعد دوبارہ اسی ٹیم سے جیت کر بہت خوشی ہوتی ہے چیمپیئن شپ میں بھی ہماری ٹیم ہندسے میچ ہارگئی تھی ، پاکستان کے فائنل میں پہنچنے پر میرا دل بہت چاہ رہا تھا کہ میں اوول گراﺅنڈ میں جاکر کمنٹری کروں۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی کھیل میں بہت ضروری ہے کہ کھلاڑی کے نام سے کوئی اسٹائل یا اس کی آﺅٹ کلاس پر فارمنس سے میچ منسوب ہو جائے ،جس طرح حسن علی نے اپنا اسٹائل بنایا وہ بہت مشہور ہوا ۔ اسی طرح شاہد آفریدی کا اسٹائل بھی بہت مشہور ہے ۔ لیجنڈ جہانگیر خان نے کہا کہ انھیں کرکٹ سے خصوصی دلچسپی ہے اگر اسکواش نہ کھیلتا تو آج کرکٹر ہوتا ۔نوجوان کرکٹرز کو اپنے پیغام میں لیجنڈ کھلاڑی نے کہا کہ ہمیشہ سینئر کی عزت کرنی اور ان سے سیکھنا ہوگا ۔ ہماری سب کی یہی دعا ہے کہ کھلاڑی ملک و قوم کے لئے بڑے بڑے ایونٹس میں فاتح ہوں ۔ متحد ٹیم کا نتیجہ اچھا ہی نکلتا ہے۔ آج سرفراز احمد کی قیادت میں پاکستانی کرکٹ ٹیم متحد ہے۔ لیجنڈ کرکٹر یونس خان نے کہا کہ میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کا سنہری مستقبل دیکھ رہا ہوں کیونکہ ہمارے نوجوان کھلاڑی بہت با صلاحیت ہیں۔ ہمیں اپنے بچوں کو کھیلوں کی جانب راغب کرنا ہوگا خاص طور پر لڑکیوں کو بھی جن کی کھیلوں میں بہت ضرورت ہے ۔سرفراز احمد نے کہا کہ یونس خان سے بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا ۔ وہ ہمارے رول ماڈل ہیں ۔پروگرام کے آخر میں گورنر سندھ نے کھلاڑیوں کو تحائف ، انعامی رقم کے چیک اور گولڈ میڈل بھی دیئے ۔ 

شیئر: